سری نگر، 4 جون ; ضلع مسجٹریٹ سری نگر محمد اعجاز اسد نے کہا کہ ضلع میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں 78 فیصد کمی آئی ہے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ کوئی اس غلط یا خوش فہمی میں نہ رہے کہ حالات اب بالکل ٹھیک ہو چکے ہیں اور پابندیاں ہٹ چکی ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ نے جمعے کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا: ‘مثبت کیسز کی شرح جو 35 فیصد تک پہنچ گئی تھی اب نیچے آ کر ساڑھے چھ فیصد پر آ گئی ہے۔ مثبت کیسز میں 78 فیصد کمی آئی ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘گزشتہ چار ہفتوں کے دوران اٹھائے جانے والے اقدامات بشمول کورونا کرفیو کے نفاذ کی وجہ سے ہی کیسز میں گرائوٹ آئی ہے۔ ضلع سری نگر میں ابھی بھی مثبت کیسز کی تعداد 3700 ہے لہٰذا ہمیں بہت زیادہ مستعد رہنے کی ضرورت ہے۔ ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ کوئی اس غلط یا خوش فہمی میں نہ رہے کہ حالات ٹھیک ہو چکے ہیں اور پابندیاں ہٹ چکی ہیں’۔
اعجاز اسد نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بہت زیادہ ایمرجنسی کی صورت میں ہی اپنے گھروں سے باہر نکلیں۔
انہوں نے کہا: ‘سری نگر اس وقت اورینج زون میں ہے۔ یہاں سے ہمارے پاس دو ہی راستے ہیں یا تو ہم واپس ریڈ زون میں چلے جائیں گے یا مزید بہتری کی صورت میں گرین زون میں۔ ہمیں گرین زون ہی چننا ہے اور یہ تب ہی ممکن ہے جب ہم ڈسپلن سے کام لیں گے’۔





