جموں، 29 مئی ;جموں کے بھگوتی نگر میں ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن ( ڈی آر ڈی او) کی طرف سے تعمیر کئے گئے پانچ سو بستروں والے کووڈ ہسپتال کا ٹرائل رن شروع ہو گیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتے کی صبح مذکورہ ہسپتال کا افتتاح کیا ہے۔
انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘میں نے آج ڈی آر ڈی او کے پانچ سو بستروں والے ہسپتال کا افتتاح کیا ہے اور اس سہولیت کو جموں کے نام وقف کر دیا ہے۔ بھگوتی نگر میں تعمیر کئے جانے والے اس ہسپتال میں 125 آئی سی یو بیڈ موجود ہیں۔’
انہوں نے مزید کہا: ‘یہ ہسپتال مکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ ہے اور اس میں چوبیس گھنٹے آکسیجن سہولیت دستیاب رہے گی۔ اس ہسپتال کی بدولت کورونا وبا سے نمٹنے میں کافی مدد ملے گی’۔
اس موقع پر فائنانشل کمشنر ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اتل ڈلو نے مذکورہ ہسپتال کے دورے کے دوران میڈیا کو بتایا کہ اس کووڈ ہسپتال میں ٹرائل رن مکمل ہونے کے بعد مریضوں کو داخل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا: ‘ٹرائل رن مکمل ہونے کے بعد اس ہسپتال میں مریضوں کو داخل کرنا شروع کیا جائے گا، ہم یکم جون سے اس میں مریضوں کو داخل کر سکیں گے’۔
موصوف نے کہا کہ ہسپتال میں 125 آئی سی یو بسترے ہیں جن کے ساتھ وینٹی لیٹر بھی لگے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سری نگر میں بھی پانچ سو بستروں والے کووڈ ہسپتال کی تعمیر کا کام چل رہا ہے اور اس کو ایک ہفتے میں تیار کیا جائے گا۔
اس موقع پر ڈی آر ڈی او کے ڈپٹی چیف انجینئر نے بتایا کہ پانچ سو بستروں پر مشتمل یہ کووڈ ہسپتال لوگوں کے لئے کافی مدد گار ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سری نگر میں بھی پانچ سو بستروں والے کووڈ ہسپتال کو تیار کرنے کے لئے دن رات کام چل رہا ہے اور اس کو بھی ایک ہفتے میں شروع کیا جائے گا۔





