سری نگر/ شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں جمعے کی رات دیر گئے ایک تیز رفتار گاڑی نے ایک 26 سالہ نوجوان کو ٹکر مار کر ابدی نیند سلا دیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع کپوارہ کے میر محلہ بمہامہ میں جمعے کی رات دیر گئے ایک 26 سالہ نوجوان اپنی رہائش گاہ کے نزدیک چل رہا تھا کہ ایک تیز رفتار گاڑی نے اس کو زور دار ٹکر مار کر شدید زخمی کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ نوجوان کو علاج و معالجے کے لئے ضلع ہسپتال کپوارہ پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔متوفی نوجوان کی شناخت محمد امین ڈار کے بطور ہوئی ہے۔
دریں اثنا ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
یو این آئی




