سرینگر ۔۔۔۔ جموں کشمیر پریس ایسوسی ایشن (جے کے پی اے) کے ایگزیکٹو ممبران کا بدھ کے روز ایک ہنگامی اجلاس ایسوسی ایشن کے صدر غلام حسن کلو کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں سینئر صحافی اور روزنامہ سرینگر نیوز کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر گلزار احمد بٹ کے انتقال پر گہرے صدمے اور رنج و غم کا اظہار کیا گیا ۔مرحوم منگل کے روز طویل علالت کے بعد اپنی رہائش گاہ شاولی پورہ بڈگام میں زندگی کی جنگ ہار کے اس دنیا سے کوچ کرگئے ۔جموں وکشمیر پریس ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ممبران کے تعزیتی اجلاس میں تمام ممبران نے مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے گزشتہ کئی دہائیوں سے صحافتی میدان میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض انتہائی دانت داری سے انجام دیئے اور انکی یہ ناقابل فراموش خدمات کو ہمیشہ صحافتی حلقوں میں یاد رکھا جائے گا۔تمام ممبران نے یک زبان ہوکر مرحوم کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ صحافتی میدان میں انکی شراکت کو یاد رکھا جائے گا خاص طور پر جب وادی کشمیر اپنی تاریخ کے ہنگامہ خیز دور سے گزر رہی تھی اور یہاں پر آزادانہ نقل و حرکت پر پابندی تھی لیکن مرحوم ہر جگہ اپنی موجودگی کا احساس دلاتے رہے ۔ تمام ممبران نے اپنے تجروبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم بہت ساری خوبیوں کا مجسم تھے اور ہر حال میں لوگوں کی مدد کرنا انکی فطرت میں تھا اور ضرورت مندوں کے اخراجات کو پورا کرنے کے لئے وہ ہمیشہ پیش پیش تھے ۔ایسوسی ایشن کے صدر غلام حسن کلو کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں "جے کے پی اے” کے ممبران نے کہا کہ مرحوم گلزار احمد بٹ کے چلے جانے سے صحافتی حلقوں میں جو خلا پیدا ہوا ہے اس کو پر کرنا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے جبکہ معاشرے کے ایک بڑے حصے میں بھی انکی موت کا وسیع پیمانے پر افسوس اور رنج و غم کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ اس دوران جے کے پی اے کے صدر غلام حسن کلو نے تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جے کے پی اے کی سرگرمیوں میں مرحوم کا فعال کردار ناقابل فراموش رہا ہے کیونکہ مرحوم ہمیشہ ایسوسی ایشن کے تمام وفود کا حصہ رہے اور انہوں نے صحافیوں کے درپیش مسائل کو حل کرنے میں ہمیشہ اپنا اہم کردار ادا کیا ۔ممبران نے مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے خصوصی دعائیں کی اور اس کے علاوہ تمام ایگزیکٹو ممبران نےسوگوار خاندان کے تمام افراد کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جو لوگ دوسروں کے لئے زندہ رہتے ہیں وہ کبھی نہیں مرتے بلکہ ابد تک زندہ رہتے ہیں اور اسی طرح کے مزاج کے مالک مرحوم گلزار احمد بٹ بھی تھے ۔





