سری نگر/شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے کنزر علاقے میں منگل کی صبح ایک سڑک حادثے میں 24 سالہ نوجوان کی موت جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع بارہمولہ کے ووسن کنزر علاقے میں منگل کی صبح ایک تیز رفتار ٹپر نے ایک ماروتی کار کو زود دار ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں کار میں سوار دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا جبکہ دوسرے کی نازک بتائی جا رہی ہے۔
متوفی کی شناخت 24 سالہ ارشاد احمد آہنگر ولد فاروق احمد آہنگر ساکن واہی پورہ ٹنگمرگ جبکہ زخمی کی شناخت مقصود احمد آہنگر ولد علی محمد آہنگر کے بطور ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹپر ڈرائیور جائے موقع سے فرار ہوا۔دریں اثنا ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حادثے میں ایک کی موت جبکہ دوسرا زخمی ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
یو این آئی





