سری نگر/ جنوبی ضلع شوپیاں کے کنی گام میں جمعرات کی علی الصبح مسلح تصادم کے دوران خود سپردگی اختیار کرنے والے جنگجو نے وہاں پھنسے اپنے دیگر ساتھیوں کو بھی سرینڈر کرنے کی اپیل کی تاہم انہوں نے اس کی اپیل کو بھی مسترد کر دیا۔
بتا دیں کہ شوپیاں کے کنی گام میں محاصرے میں پھنسے چار مقامی جنگجوؤں کو سیکورٹی فورسز اور اپنے اہلخانہ نے سرینڈر کرنے کی اپیل کی لیکن ان میں سے تین نے اپیل کو مسترد کر دیا جبکہ توصیف احمد نامی ایک جنگجو نے فوج کے سامنے خود سپردگی اختیار کی۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ باقی تین جنگجوؤں، جنہوں نے حال ہی میں البدر نامی جنگجو تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی، نے سرینڈر کے بجائے سیکورٹی فورسز اہلکاروں پر گرینیڈ اور فائرنگ کی۔انہوں نے بتایا کہ طرفین کے درمیان چھڑنے والے تصادم کے دوران تینوں جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا گیا۔
اس دوران پولیس نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں توصیف احمد کو باقی جنگجوؤں کو سرینڈر کرنے کی اپیل کرتے ہوئے دیکھا اور سنا جا سکتا ہے۔
اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ توصیف احمد چھوٹا اسپیکر ہاتھوں میں لئے اندر پھنسے جنگجوؤں کو خود سپردگی اختیار کرنے کی اپیل کرتا ہے۔
ویڈیو میں توصیف کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے: ‘عمر فوج آپ کو موقع دے رہی سرنڈر کرو، انہوں نے مجھے بھی موقع دیا میں خوش ہوں، انہوں نے میرے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی، آپ، دانش اور زاہد باہر آجائیں انہوں نے کہا کہ وہ آپ کے ساتھ بھی چھیڑ چھاڑ نہیں کریں گے۔ میں فوج، سی آر پی ایف اور پولیس کا شکر گذار ہوں’۔
کہا جاتا ہے کہ شاید پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ تصادم آرائیوں کے دوران سرینڈر کرنے والے کسی جنگجو نے محاصرے میں پھنسے اپنے دوسرے ساتھیوں کو بھی خود سپردگی کرنے کی اپیل کی ہو۔
یو این آئی