چودھری اجیت سنگھ کے بیٹے اور سابق رکن پارلیمان جینت چودھری نے ایک ٹویٹ کر کے یہ اطلاع دی۔چودھری اجیت سنگھ کورونا انفیکشن سے متاثر تھے ۔ انہیں 20 اپریل کوطبیعت بگڑنے پر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
وہ ہریانہ میں گوروگرام کے ایک پرائیوٹ اسپتال کے آئی سی یو میں تھے ۔ سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ کے بیٹے اور مغربی اتر پردیش کے قد آورلیڈر چودھری اجیت سنگھ کسانوں کی آواز سمجھے جاتے تھے ۔
کووند نے چودھری اجیت سنگھ کی موت پرافسوس ظاہر کیا
صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے سابق مرکزی وزیر چودھری اجیت سنگھ کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔مسٹر کووند نے جمعرات کے روز ٹویٹ کیا ’’ نیشنل لوک دل کے سربراہ اور سابق مرکزی وزیر چودھری اجیت سنگھ کی موت کی خبر سے دلبرداشتہ ہوں ۔ انہوں نے ہمیشہ کسانوں کے مفادات میں آواز اٹھائی‘‘۔
انہوں نے مزید کہا ’’ایک عوامی نمائندے اور وزیر کی حیثیت سے انہوں نے ملکی سیاست پرانمٹ نقوش چھوڑے ہیں ۔ ان کے اہل خانہ اوربہی خواہوں سے میری تعزیت‘‘۔
یواین آئی