سری نگر/سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے سینئر صحافی و مصنفہ برکھا دت کے والد کی موت پر گہرے دکھ و صدمے کا اظہار کیا ہے۔
بتادیں کہ برکھا دت کے والد ایس پی دت کی منگل کی صبح دلی کے ایک ہسپتال میں کورونا سے موت واقع ہوئی۔
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے برکھا دت کے والد کی موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’برکھا آپ کو پہنچے صدمے پر میں افسردہ ہوں، اس کا اندازہ ہی نہیں لگایا جا سکتا ہے کہ آپ اور آپ کا باقی خاندان اس وقت کس کرب سے گذر رہا ہوگا۔ ہم، میرا پورا خاندان بالخصوص میرے والد آپ کو، آپ کی بہن اور آپ کے خاندان کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں‘۔
پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اظہار افسوس کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’برکھا آپ کو پہنچے صدمے پر مجھے بے حد افسوس ہے۔ میں آپ اور آپ کے خاندان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتی ہوں‘۔
یو این آئی





