یہ خبر انتہائی دکھ کے ساتھ دی جاتی ہے کہ عشرہ رحمت کے آخری دن اور جمعتہ المبارک کے عظیم موقعہ پر آج علی الصبح تاریخی مرکزی جامع مسجد سرینگر کے موذن اور بزرگ عالم دین مولوی محمد یاسین شاہ مختصر علالت کے بعد اس دارفانی سے کوچ کر گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ مرحوم کی وفات پر انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم شاہ صاحب کی رحلت کو ایک بڑا دینی نقصان قرار دیا ہے۔مرحوم کے جنازے کی نماز COVID-19 کے پیش نظر اور جامع مسجد میں عوامی اژدہام کی وجہ سے جمعہ کے نماز سے قبل ہی مرحوم کی نماز جنازہ ادا کی گئی جبکہ سربراہ انجمن میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمرفاروق مسلسل نظر بندی کی وجہ سےمرحوم کی نماز جنازہ کی پیشوائی نہیں کرسکے ا۔تاہم انجمن اوقاف کے جملہ اراکین، عہدیداران اور مقامی آبادی کی ایک بڑی اکثریت نے مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور پرنم آنکھوں سے جناب شاہ صاحب کو سپرد خاک کیا گیا۔
مرحوم محمد یاسین شاہ کے انتقال کی خبر سنتے ہی انجمن اوقاف کے جنرل سیکریٹری الحاج الطاف احمد بٹ کی زیر صدارت ایک ہنگامی اور ماتمی اجلاس میں مرحوم مولوی محمد یاسین شاہ کی جامع مسجد کی چھ دہائیوں پر مشتمل بے لوث اور مخلصانہ خدمات کو پُر نم آنکھوں سے خراج عقیدت پیش کیا گیا اور مرحوم کی مغفرت کیلئے فاتحہ پڑھی گئی اور ایصال ثواب کیا گیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ مرحوم محمد یاسین شاہ کا پورا خاندان اور ان کے آبا و اجداد صدیوں سے کشمیرکی سب سے بڑی عبادتگاہ و روحانی مرکز جامع مسجد کے ساتھ نہ صرف عقیدت و محبت کے ساتھ وابستہ رہے بلکہ میرواعظین کشمیر کے ساتھ اٹوٹ وابستگی رہی چنانچہ اپنے مرحوم والد گرامی کے بعد محمد یاسین شاہ صاحب جامع مسجد میں جمعتہ المبارک سمیت پنج وقتہ اذان دینے پر معمور رہے ۔
مولوی محمد یاسین شاہ کو انجمن اوقاف کے بانی چیرمین حضرت شہید ملت کے ساتھ اسلامیہ اورینٹل کالج میں رفیق درس کا بھی اعزاز حاصل رہا اور مرحوم نے شہید ملت کی قیادت میں انجمن اوقاف کے قیام میں اپنا ایک مثبت کردار ادا کیا۔وہ ایک سچے عاشق رسول ﷺ اور میرواعظ خاندان کے دیرینہ محب تھے ان کی آواز میں سوز و گداز تھا اور مرحوم کی نعت و منقبت سن کر لوگوں میں ایک روحانی اور وجدانی کیفیت اور رقت طاری ہوجاتی تھی۔ جامع مسجد سے مرحوم کی اذان کی آواز بلند ہوتے ہی شہر خاص سے لوگ جوق در جوق مرکزی عبادتگاہ کا رخ کرتے اور نمازوں سے قبل اکثر و بیشتر مرحوم جب اپنی منفرد انداز میں نعت
خوانی کرتے تو کئی بار حاضرین اور سامعین شدت جذبات سے اشک بار ہو جاتے اور ان پر گریہ کا کیفیت طاری ہوجاتی تھی۔اس دوران حکام کی جانب سے نظر بند رکھے گئے میرواعظ نے مرحوم یاسین شاہ کی وفات پر شدید غم و الم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم محمد یاسین شاہ کی وفات کو اہالیان سرینگر خاص طور پر مرکزی جامع مسجد سے تعلق رکھنے والے عوام اور نمازیوںکیلئے زبردست نقصان قرار دیتے ہوئے اللہ تبارک و تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت اور جنت الفردوس کے ساتھ ساتھ مرحوم کے لواحقین اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔