منگل, جولائی ۱, ۲۰۲۵
20.6 C
Srinagar

جموں و کشمیر میں کورونا کی صورتحال چیلنج سے بھرپور: اتل ڈلو

جموں، 21 اپریل: محکمہ صحت و طبی تعلیم کے فائنانشل کمشنر اتل ڈلو نے کہا کہ جموں و کشمیر میں کورونا کی صورتحال چیلنج سے بھرپور ہے کیونکہ مثبت کیسز اور اموات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے فیس ماسک کو سماجی ویکسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ کورونا سے بچنے کے لئے اس کا پہننا از حد ضروری ہے۔
اتل ڈلو نے بدھ کو یہاں حکومتی ترجمان روہت کنسل اور دیگر عہیدیداروں کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ‘جموں و کشمیر میں کووڈ کی صورتحال چلینج سے بھرپور ہے۔ کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ اموات کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ اپریل میں اب تک 77 لوگ کورونا کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں’۔
انہوں نے کہا: ‘ماسک خود ایک ویکسین ہے۔ اس کا اثر ماڈرن ویکسین سے تھوڑا کم ہو سکتا ہے لیکن اس کو سماجی ویکسین کہا جاتا ہے۔ اس کا پہننا بہت ضروری ہے۔ اس کے علاوہ سماجی دوری بنائے رکھنا اور ہاتھوں کو بار بار دھونا یا سینیٹائز کرنا بھی بہت ضروری ہے’۔
محکمہ صحت و طبی تعلیم کے فائنانشل کمشنر نے کہا کہ ہمارے پاس اس وقت 13 ہزار 400 سے زیادہ مثبت کیسز ہیں۔ پچھلے سال جب کورونا وائرس کی پہلی لہر اپنے انتہا پر تھی تب ہمارے ہاں مثبت کیسز کی تعداد 22 ہزار کے آس پاس تھی۔
انہوں نے کہا: ‘ہم ہر دن 40 ہزار ٹیسٹ کر رہے ہیں۔ ان میں سے دس ہزار ٹیسٹ آر ٹی پی سی آر کے اور تیس ہزار ٹیسٹ آر اے ٹی کے ہوتے ہیں۔ جموں و کشمیر میں اب تک 78 لاکھ 33 ہزار ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ ہم جموں و کشمیر میں فضائی یا زمینی راستوں سے داخل ہونے والے سبھی مسافروں کا ٹیسٹ کرتے ہیں۔ ٹیسٹ کی رپورٹ ایک ہی دن میں تیار کی جاتی ہے’۔
اتل ڈلو نے کہا کہ جموں و کشمیر کے ہسپتالوں میں میں کووڈ مریضوں کے لئے زائد از 600 وینٹی لیٹر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘ہسپتالوں میں بستروں کی تعداد 6 ہزار کے قریب ہے۔ ہمارے پاس دس ہزار کے قریب آکسیجن سلنڈرز موجود ہیں۔ اس کے علاوہ میڈیم سلنڈرز کی تعداد تین ہزار کے قریب ہے’۔
اتل ڈلو نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اب تک ویکسین کی زائد از 17 لاکھ ڈوزز ایڈمنسٹر کی جا چکی ہیں اور سبھی غلط فہمیاں دور ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘اس یونین ٹریٹری میں اب تک 74 فیصد ہیلتھ ورکرز کو ویکسین دی جا چکی ہے۔ فرنٹ لائن ورکرز میں سے زائد از 77 فیصد ویکسین لگوا چکے ہیں۔ لوگ خود ویکسین لگوانے کے لئے آگے آ رہے ہیں جو ایک مثبت بات ہے۔ کووڈ ٹیکہ کاری مہم ہفتے کے ساتھوں دن جاری رہے گی۔ ویکسین کے حوالے سے جتنی بھی غلط فہمیاں تھیں وہ سب اب دور ہو چکی ہیں’۔
انہوں نے کہا: ‘ہمارے پاس فی الوقت ویکیسن کی دو لاکھ ڈوزز موجود ہیں اور ہر دو تین دن میں ہمارے پاس ویکسین کی نئی کھیپ پہنچ جاتی ہے۔ ہمیں ویکسین کی کمی کا سامنا نہیں ہے’۔
اتل ڈلو نے طبی عملے کی کمی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا: ‘پچھلے ایک سال اور دو مہینوں سے ہمارا طبی عملہ ہفتے کے ساتوں دن کام کر رہا ہے۔ چونکہ اب کووڈ ٹیکہ کاری مہم بھی جاری ہے اس لئے عملے پر مزید دبائو آ گیا ہے’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘ہم نے عملے کی کمی کے معاملے سے نمٹنے کے لئے نئی بھرتی مہم شروع کی ہے اور امید ہے کہ اس مسئلے پر بہت جلد قابو پا لیا جائے گا’۔
اتل ڈلو نے میڈیا کی سراہنا کرتے ہوئے کہا: ‘ہمیں میڈیا کا بہت اچھا تعاون مل رہا ہے۔ یہ میڈیا ہی ہے جو ہماری اپیلوں کو عوام تک پہنچا رہا ہے۔ ہمیں آگے بھی میڈیا کی ضرورت ہے’

Popular Categories

spot_imgspot_img