21 اور 22 اپریل کو موسلا دھار بارشیں ہوں گی:محکمہ موسمیات
سری نگر،20 اپریل (یو این آئی) وادی کشمیر میں ایک ہفتے کے برف وباراں کے بعد موسم ابھی سنبھل ہی رہا تھا کہ محکمہ موسمیات نے بارشوں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کردی۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکے درجے کی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوسکتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وادی میں 21 اور 22 اپریل کو موسلا دھار بارشیں ہوں گی جبکہ 23 اپریل کو موسم میں قدرے بہتری واقع ہونے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 24 سے 26 اپریل سے موسم خشک رہے گا۔
دریں اثنا وادی میں منگل کے روز موسم خشک مگر ابر آلود رہا جبکہ آفتاب نے بھی بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے کی کوششیں کیں۔وادی میں موسمی صورتحال دگرگوں رہنے سے جہاں کسان طبقہ پریشان دکھائی دے رہا ہے وہیں لوگ بھی ابھی قدرے گرم لباس ہی زیب تن کئے ہوئے دیکھے جا رہے ہیں۔کسانوں کا کہنا ہے کہ وہ مسلسل بارشوں کی وجہ سے اپنے باغوں اور کھیت کھلیانوں میں کام نہیں کر پارہے ہیں۔
بارشوں کی وجہ سے وادی کی سڑکیں ابھی بھی پانی اور کیچڑ سے بھری ہوئی ہیں جس سے لوگوں خاص کر پیدل سفر کرنے والوں کا چلنا پھرنا مشکل بن گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
وادی کے مشہور دہر سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت4.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کشمیر کے گیٹ وے ٹاؤن سے جانے والے قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔جنوبی کشمیر کے ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
یو این آئی