سری نگر/ پولیس نے شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے وابستہ ایک پنچ سمیت تین افراد کو بھتہ خوری کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس کو مدثر احمد شیخ ولد غلام محمد شیخ ساکن پنزی پورہ سوپور کی طرف سے ایک شکایت موصول ہوئی ہے کہ 3 اور4 اپریل کی درمیانی شب کچھ نامعلوم اسلحہ بردار ان کے سسر غلام نبی لون ولد عبدالاحد لون ساکن ہمدانیہ کالونی ندی ہل کے گھر میں گھس گئے اور انہیں ہتھیار جنوبی کشمیر پہنچانے کو کہا۔
بیان میں شکایت کنندہ کے حوالے سے کہا گیا کہ گھر میں جبری طور گھسنے والوں نے افراد خانہ سے موبائل فون چھین لئے اور انہیں دھمکی دی کہ وہ اس راز کو فاش نہ کریں۔
بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن پنزلہ میں ایک کیس درج کیا گیا اور تحقیقات شرع کی گئیں۔
بیان میں کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران تکنیکی شواہد کی بنا پر بی جے پی سے وابستہ ایک پنچ معراج الدین راتھر ولد حاجی محمد اکبر راتھر ساکن منی پور کرانکشون سوپور کو پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا گیا جس نے اقبال جرم کر کے اس جرم میں مزید تین افراد کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا۔
مذکورہ تین افراد کی شناخت محمد سلیم وانی ولد غلام رسول وانی ساکن ہرد پورہ اچھ بل اننت ناگ، جو سر پنچ ہے، بشیر احمد لون ولد محمد سبحان لون ساکن نادی ہل اور محمد دلاور خواجہ ولد ثنا اللہ خواجہ ساکن داچھن پورہ رہامہ کے بطور کی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا کہ مذکورہ تین افراد کو بھی پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا گیا ہے لیکن ان میں محمد سلیم وانی جو بی جے پی کا سرپنچ ہے، روپوش ہوا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ معراج الدین اور محمد سلیم نے لون ٹریڈرس سے غیر قانونی طور پر روپے اینٹھنے کا منصوبہ بنایا تھا اور اس سلسلے میں معراج الدین نے بشیر احمد کے ساتھ رابطہ کیا تھا جس نے اس جرم کے ارتکاب کے لئے محمد دلاور کے ساتھ رابطہ کیا۔
بیان کے مطابق تحقیقات کے دوران مذکورہ افراد سے ہتھیار بھی برآمد کئے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یو این آئی
