سری نگر/ پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام سے ایک جنگجو اور تین جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کی نقل و حمل کے بارے میں ایک اطلاع موصول ہونے پر پولیس نے فوج کے 9 آر آر کی ایک ٹیم کے ساتھ بوگنڈ کولگام سڑک پر ناکہ لگا دیا۔
انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے تلاشی کے دوران ایک جنگجو کو گرفتار کیا۔
گرفتار شدہ جنگجو کی شناخت زیان احمد ڈار ساکن بارہمولہ کے بطور ہوئی ہے جو شوپیاں کے ایک دارلعلوم سے گذشتہ ماہ سے لا پتہ تھا۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار شدہ جنگجو کے انکشاف پر اس کے تین اعانت کاروں کو بھی گرفتار کیا گیا جن کی شناخت زاہد نذیر، عمر یوسف اور مظفر احمد ساکنان شوپیاں کے بطور ہوئی ہے۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ گرفتار شدگان سے پوچھ گچھ کی جار ہی ہے۔
یو این آئی