جمعہ, جولائی ۴, ۲۰۲۵
31 C
Srinagar

جموں و کشمیر: کورونا اور سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ نوراتری تہوار کی تقریبات شروع

جموں،/ کورونا وائرس کی نئی لہر اور سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ صوبہ جموں بالخصوص جموں اور کٹرا قصبوں میں منگل کو 9 دنوں تک جاری رہنے والی نوراتری تہوار کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔

ایک طرف ضلع جموں اور ضلع ریاسی کے کٹرا ٹائون، جہاں شری ماتا ویشنو دیوی کا بیس کیمپ واقع ہے، میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں دوسری جانب شرائن بورڈ نے بھی یاتریوں کو سہولیات بہم پہنچانے کے لئے تمام تر انتظامات کر لئے ہیں۔

کٹرا ٹائون میں ماتا ویشنو دیوی مندر کی یاترا پر آنے والے یاتریوں میں کافی جوش وخروش دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کورونا کے پیش نظر کئے گئے انتظامات کی سراہنا کی ہے۔ یاتری ‘جے ماتا دی’ کا نعرہ بلند کرتے ہوئے گھپا مندر کی جانب پیش قدمی میں مصروف نظر آ رہے ہیں۔

سویتا نامی ایک خاتون یاتری نے نامہ نگاروں کو بتایا: ‘ہم ماتا رانی کے درشن کرنے آئے ہیں۔ بہت اچھا لگ رہا ہے کیونکہ ہم پچھلے سال کورونا کی وجہ سے نہیں آ پائے تھے’۔

انہوں نے شرائن بورڈ کی سراہنا کرتے ہوئے کہا: ‘یہاں پر یاتریوں کے لئے تمام سہولیات دستیاب رکھی گئی ہیں’۔اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے سنگیش شرما نے بتایا: ‘میں ماتا کے درشن کے لئے اس سے پہلے بھی کئی بار آیا ہوں۔ تاہم نوراتروں میں پہلی بار آیا ہوں’۔

ان کا مزید کہنا تھا: ‘کورونا کے وقت لوگوں سے یہ گزارش ہے کہ وہ سماجی دوری بنائے رکھیں، ماسک کا استعمال کریں اور اپنے آپ کے ساتھ ساتھ دوسری کی جانیں بھی بچائیں’۔

لدھیانہ سے تعلق رکھنے والے نیرج نے بتایا: ‘ہر سال نوراترا پر ماتا جی کے درشن کے لئے آتے ہیں۔ یہاں پر انتظامیہ کی طرف سے بہت ہی اچھے انتظامات کئے گئے ہیں’۔

دریں اثنا نوراتری تہوار کی تقریبات کے پہلے دن منگل کو جموں کے مندروں میں بھی عقیدت مندوں کا کافی رش دیکھنے میں آیا۔جموں کے ایک مندر میں درشن کے لئے آنے والی سیما بخشی نامی مقامی خاتون نے بتایا: ‘ماتا رانی کا بہت بہت شکریہ کہ انہوں نے کورونا کے وقت بھی اپنا دربار درشن کے لئے کھلا رکھا’۔

ان کا مزید کہنا تھا: ‘تمام عقیدت مندوں سے گزارش ہے کہ وہ کورونا سے بچائو کے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کریں’۔واضح رہے کہ نوراتری کے تہوار کو ہندو برادری برائی پر اچھائی کی جیت کے طور پر مناتی ہے اور اس دوران درگا ماتا کی پوجا کی جاتی ہے۔

اس تہوار کے موقع پر ملک بھر میں مندروں کو برقی قمقموں اور پھولوں سے زبردست طریقے سے سجایا جاتا ہے۔
کٹرا ٹائون میں واقع ماتا ویشنو دیوی مندر میں اس تہوار کے موقع پر یاتریوں کی کافی بھیڑ رہتی تھی لیکن امسال بھی کورونا کی وجہ سے یاتریوں کی تعداد کافی مختصر کر دی گئی ہے۔

یو این آئی 

Popular Categories

spot_imgspot_img