‘بھگوان کوبرا کمانڈو کو جلد واپس بھیجے گا’: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا

‘بھگوان کوبرا کمانڈو کو جلد واپس بھیجے گا’: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا

کٹھوعہ،/ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ چھتیس گڑھ میں ماؤنوازوں کے حملے کے دوران لاپتہ یا اغوا کئے جانے والے جموں کے سی آر پی ایف کوبرا کمانڈو راکیش سنگھ منہاس کو ‘بھگوان جلد واپس بھیجے گا’۔

انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کی جانب سے کوبرا کمانڈو کی واپسی کے لئے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں پوچھے جانے پر کہی۔

منوج سنہا نے کہا: ‘یہ وہ کوششیں نہیں جن کا عوامی سطح پر خلاصہ کیا جائے۔ میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ بھارت کے وزیر داخلہ اور چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ پوری صورتحال پر نظر بنائے ہوئے ہیں’۔

ان کا مزید کہنا تھا: ‘ہماری پوری ہمدردی اس جوان کے ساتھ ہے۔ مجھے امید ہے کہ وہ جلد واپس آئے گا، بھگوان اسے جلد واپس بھیجے گا’۔

واضح رہے کہ جموں سے تعلق رکھنے والے راکیش سنگھ منہاس سی آر پی ایف کی 210 کوبرا بٹالین سے وابستہ ہیں، جو چھتیس گڑھ کے ضلع بجا پور اور سکما کے جنگلات میں ہفتے کے روز ہونے والے ماؤ نواز حملوں میں لاپتہ ہوئے ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ موصوف جوان ماؤ نوازوں کے قبضے میں ہے تاہم سرکار کی طرف سے اس کی اب تک کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.