فیفا نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی

فیفا نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی

فٹ بال کی عالمی تنظیم ‘فیفا’ نے پاکستان میں فٹ بال فیڈریشن کے تنازع کے باعث پاکستان کی رکنیت معطل کر دی ہے۔فیفا نے چند روز قبل پاکستان کو خبردار کیا تھا کہ اگر فٹ بال ہیڈکوارٹرز لاہور کا کنٹرول 31 مارچ تک فیفا کی جانب سے مقرر کردہ ‘نارملائزیشن کمیٹی’ کے سپرد نہ کیا گیا تو اس کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایسٹر کی چھٹیوں کے بعد فیفا کے دفاتر کھلتے ہی پاکستانی حکام کو بذریعہ ای میل رکنیت کی معطلی کے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔فیفا نے کہا ہے کہ جب تک فیفا ہاوس لاہور کا کنٹرول اور اکاونٹس کے معاملات نارملائزیشن کمیٹی کے حوالے نہیں کیے جاتے اس وقت تک پاکستان کی رکنیت معطل رہے گی۔

رکنیت کی معطلی سے پاکستانی کھلاڑی فیفا کے تحت ہونے والے کسی ایونٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔فیفا نے حکومتی مداخلت کا الزام عائد کرتے ہوئے افریقی ملک چاڈ کی فٹ بال ایسوسی ایشن کی رکنیت بھی معطل کر دی ہے۔

پاکستان میں فٹ بال فیڈریشن کا تنازع ہے کیا؟

پاکستان میں فٹ بال فیڈریشن پر کنٹرول کا تنازع گزشتہ کئی ماہ سے چلا ا? رہا ہے جس کے حل کے لیے فیفا نے نارملائزیشن کمیٹی تشکیل دی تھی۔ فیفا نے کمیٹی کو شفاف انتخابات کا مینڈیٹ دیا تھا۔

تاہم چند روز قبل پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے متنازع صدر اشفاق حسین نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے لاہور میں ہیڈکوارٹرز ‘فیفا ہاوس’ کا زبردستی کنٹرول سنبھال لیا تھا۔گزشتہ ماہ فیفا کی جانب سے فیفا ہاوس لاہور کو لکھے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ اگر 31 مارچ کی شب تک فیفا ہاوس کا کنٹرول نارملائزیشن کمیٹی کے سپرد نہ کیا گیا تو پاکستان کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔

پاکستان میں فٹ بال فیڈریشن کے معاملات چلانے کی دو تنظیمیں دعوے دار ہیں جن میں ایک تنظیم اشفاق حسین جب کہ دوسری کے سربراہ نوید خان ہیں۔اشفاق حسین گروپ کا دعویٰ ہے کہ 2018 کے انتخابات میں انہیں واضح کامیابی ملی تھی۔ لہذٰا 2023 تک وہی فیڈریشن چلانے کے حق دار ہیں جب کہ نوید خان ان انتخابات کو تسلیم نہیں کرتے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.