سری نگر،3 اپریل :نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے چند روز بعد ہفتے کو یہاں ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا۔
اس بات کی جانکاری ان کے فرزند اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعے دی۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کے مشورے پر، تاکہ وہ ان کی اچھی طرح سے نگہداشت کر سکیں، میرے والد کو سری نگر کے ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا۔
ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا: ’ہمارا خاندان ان تمام لوگوں کا مشکور ہے جنہوں نے ہمیں اس سلسلے میں دعاؤں اور ہمدردی کے پیغامات بھیجے‘۔
بتادیں کہ 30 مارچ کو ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
موصوف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا: ‘میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ جی کی اچھی صحت اور کورونا سے فوری صحتیابی کے لئے دعا گو ہوں۔ میں عمر عبداللہ اور دیگر اہلخانہ کی اچھی صحت کے لئے بھی دعا گو ہوں’۔
پچاسی سالہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے رواں ماہ کی 2 تاریخ کو کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین لگوائی تھی۔ ہر فرد کو کچھ ہفتوں کے فاصلے سے ویکسین کی دو خوراکیں دی جاتی ہیں اور فاروق عبداللہ کو ابھی تک صرف ایک خوراک دی گئی تھی۔
ان کے فرزند عمر عبداللہ نے تب اپنے ایک ٹویٹ میں کہنا تھا: ‘شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سری نگر کے ڈاکٹروں، نرسز اور عملے کا مشکور ہوں۔ آج (یعنی 2 مارچ) میرے 85 سالہ والد اور والدہ کو کورنا ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی۔ میرے والد کئی عارضوں میں مبتلا ہیں جب وہ ویکسین کراسکتے ہیں تو آپ کو بھی کرانا چاہئے’۔
