جمعرات, دسمبر ۱۸, ۲۰۲۵
10.6 C
Srinagar

غیر مقامی گاڑیوں کی رجسٹریشن کو ٹیکس سے مستثنیٰ رکھا جائے

جے کے بینک ایسوسی ایٹس امتحان کے نتائج علاقائی تعصب اور امتیازپر مبنی: حسنین مسعودی

سرینگر//جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے بیرونی ریاستوں کی گاڑیوں کی دوبارہ رجسٹریشن کو ٹیکس سے مستثنیٰ رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ ٹریفک کی آسان نقل و حرکت کو یقینی بنانے کیلئے اصل معاملات کی طرف توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر مقامی گاڑیوں کی رجسٹریشن کے وقت پہلے ہی متعلقہ ریاست یا یوٹی میں ان کا ٹوکن ٹیکس ادا کیا جاچکا ہے اور یہاں ان گاڑیوں کی دوبارہ رجسٹریشن سے لوگوں پر اضافی بوجھ بڑھ جائیگا ۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ان گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس کے لئے معمولی سی رقم مقرر کی جائے ، جیسے مقامی گاڑیوں کے ٹرانسفر کیلئے وصول کی جاتی ہے۔ مسعودی نے کہا کہ دوبارہ رجسٹریشن پر بھاری ٹیکس لگانے سے لوگوں کیلئے گاڑیوں کی رجسٹریشن کرانا مشکل ہوجائیگا ۔ اگر حکومت چاہتی ہے کہ تمام غیر مقامی گاڑیوں کی دوبارہ رجسٹریشن ہونی چاہئے تو حکومت کو اس کیلئے برائے نام معمولی رقوم وصول کرنی چاہئے۔

اس کے علاوہ مسعودی نے کہا کہ ایسے اقدامات حکومت کو ٹریفک کی بدترین صورتحال سے نمٹنے میں مددگار ثابت نہیں ہونگے۔اُن کا کہنا تھا کہ ٹریفک کی بدترین صورتحال سے نمٹنے کا بہترین طریقہ جموں و کشمیر میں روڈ انفرااسٹرکچر کو بڑھانا ہے تاکہ آئے روز بڑھتے ہوئے ٹریفک کا دباﺅ گاڑیوں کی نقل و حرکت پر نہ پڑے۔ دریں اثناءمسعودی نے جموں وکشمیر بینک میں بینکنگ ایوسی ایٹس امتحان کے نتائج کو علاقائی تعصب اور امتیاز پر مبنی قرار ریتے ہوئے کہاکہ رپورٹوں کے مطابق امتحان میں کامیاب1500اُمیدواروں میں صرف 200کا تعلق صوبہ کشمیر سے ہے۔

انہوں نے نتائج پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے نوجوانوں نے انتہائی معتبر امتحانات کوالیفائی کرکے ملک بھر کے اُمیدواروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور جموں و کشمیر کے اندر ہوئے امتحان میں صرف13فیصد کشمیری اُمیدواروں کا کوالیفائی کرنا ناقابل فہم ہے۔انہوں نے کہا کہ نتائج نے انتہائی قابل اور باصلاحیت امیدواروں کو مایوس کردیا ہے جنہوں نے امتحان میں کوالیفائی کرنے کے لئے سخت محنت کی تھی۔ ان امتحانات نتائج کو کالعدم قرار دیکر اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جانی چاہئے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img