منگل, جولائی ۱۵, ۲۰۲۵
26.4 C
Srinagar

عمران خان کا نریندر مودی کے نام جوابی خط

پاکستان بھی بھارت سے پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات کا خواہاں 

دیرپا امن و استحکام کے لیے تمام تصفیہ طلب تنازعات کا حل ناگزیر:خط کا متن

سرینگر/ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو جوابی خط میں لکھا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام بھی بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کے نریندر مودی کو جوابی خط، جس میں29 مارچ کی تاریخ درج ہے، میں یوم پاکستان پر مبارکباد پر بھارتی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم نے لکھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام بھی بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔انہوں نے لکھا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب تنازعات کا حل ہونا، جبکہ تعمیری اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا ہونا ضروری ہے۔

عمران خان نے خط میں کورونا وائرس کے خلاف بھارت کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر اعظم ہندنریندر مودی کی جانب سے عمران خان کے نام لکھا گیا خط، جس پر22 مارچ کی تاریخ درج تھی، اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن نے دفتر خارجہ کے ذریعے وزیر اعظم تک پہنچایا۔اپنے خط میں نریندر مودی نے پاکستانی عوام کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے لکھا کہ’پڑوسی ملک کے طور پر بھارت، پاکستانی عوام سے خوشگوار تعلقات کا خواہش مند ہے جس کے لیے اعتماد پر مبنی، دہشت گردی اور دشمنی سے پاک ماحول ضروری ہے‘۔

Popular Categories

spot_imgspot_img