سری نگر،24 مارچ: وادی کشمیر میں گذشتہ چار دنوں سے وقفے وقفے سے بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں نے معمولات زندگی کو متاثر کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں قریب ایک فٹ تازہ برف جمع ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وادی میں 24 مارچ کی دو پہر تک موسمی حالات جوں کے توں رہیں گے تاہم بعد ازاں موسم میں بتدریج بہتری واقع ہونا شروع ہوگی۔
موسلا دھار بارشوں کے باعث جہاں وادی کے شہر و گام کی سڑکیں زیر آب ہیں وہیں ندی نالوں اور جھیل جھرنوں میں بھی سطح آب بڑھ گئی ہے جس سے کئی مقامات میں پل ڈھہ گئے ہیں۔
وادی میں سڑکوں کے زیر آب ہونے سے لوگوں کا چلنا پھرنا از بس محال ہوگیا ہے اور کئی علاقوں میں پلوں کے ڈھہ جانے سے ایک علاقے کا دوسرے علاقے کے ساتھ رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر ہوئے گہرے گڑھوں میں جمع پانی میں بچوں کے ڈوب جانے کا خطرہ ہے اور گاڑیوں کے چلنے سے ان سے اٹھنے والی چھینٹیں پیدل سفر کرنے والوں کا دور دور تک تعاقب کرکے انہیں کہیں کا نہیں چھوڑتی ہیں۔
دریں اثنا محکمہ فلڈ کنٹرول نے سیلاب آنے کے خطرات کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پانی کی سطح خطرے کے نشان سے کافی نیچے ہے۔
خراب موسمی حالات کے باعث شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں بارہویں جماعت تک کے طلبا کے لئے تعلیمی ادارے بدھ کے روز بند رہے۔ ضلع میں منگل کو آٹھویں جماعت تک کے اسکول بند رہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق کئی علاقوں میں پانی مکانوں اور دکانوں میں گھس گیا ہے جس سے مکینوں اور دکانداروں کو گوناگوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔
وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر سری نگر- جموں قومی شاہراہ بدھ کے روز ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے مسلسل دوسرے دن بھی بند رہی جس سے شاہراہ پر سینکڑوں مال و مسافر بردار گاڑیاں درماندہ ہوئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دار لحکومت سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 30.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
جاری۔ یو این آئی