جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے جے کے سی اے کے سی اے اے اور سی ای او کی خدمات ختم کر دیں

جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے جے کے سی اے کے سی اے اے اور سی ای او کی خدمات ختم کر دیں

سری نگر، 23 مارچ :جموں وکشمیر ہائی کورٹ نے منگل کو ایک غیر معمولی فیصلے کے تحت جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے کورٹ اپوائنٹڈ ایڈمنسٹریٹرس (سی اے اے) یا عدالتی منتخب منتظمین اور چیف ایگزیکٹو افسر(سی ای او) کی خدمات کو ختم کر کے ایسوسی ایشن کے انتخابات ہونے تک بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کو جموں و کشمیر اور لداخ میں کرکٹ کھیل کی سرگرمیاں چلانے کی ہدایات دی ہیں۔
بتادیں کہ سال 2017 میں کورٹ کے سنگل بینچ نے سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس سی کے پرساد، مدھیہ پردیش اور الہ آباد کے ہائی کورٹس کے سابق چیف جسٹس جسٹس سید رفعت عالم کو جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے منتظمین منتخب کیا تھا۔
کورٹ نے جسٹس (ر) سید بشیر الدین کو محتسب اور اس کے علاوہ ڈویژن بینچ نے سابق ڈی آئی جی عاشق حسین بخاری کو چیف ایگزیکٹو افسر منتخب کیا تھا تاکہ وہ سی اے اے کو ایسوسی ایشن کے امور سنبھالنے میں مدد کر سکیں۔
جسٹس علی محمد ماگرے اور جسٹس پنیت گپتا پر مشتمل ایک ڈویژن بینچ نے منگل کو 40 صفوں پر مشتمل ایک حکمنامے میں بی سی سی آئی سے یہ ہدایت بھی دی ہیں کہ وہ یہ دیکھیں کہ آیا ایسوسی ایشن کا تازہ تیار کردہ میمورنڈم اور سی اے اے کے قواعد و ضوابط لودھا کمیٹی سفارشات سے مطابقت رکھتے ہیں کہ نہیں۔
عدالت نے حکمنامے میں کہا ہے کہ بی سی سی آئی منظور شدہ آئین اور اس کے ساتھ منسلک مختلف ریاستوں کی ایسوسی ایشنز کے معیاروں کے مطابق جموں وکشمیر اور لداخ میں کرکٹ سرگرمیوں کو فروغ دے گا۔
بی سی سی آئی کو یہ ہدایات بھی دی گئی ہیں کہ وہ کسی آڈٹ رپورٹ کا انتظار کئے بغیر جموں و کشمیر اور لداخ یونین ٹریٹری میں زمینی سطح پر موجود انفراسٹرکچر کے مزید استحکام اور اس کو کھلاڑیوں کے لئے دستیاب رکھنے کو یقینی بنائے۔
عدالت نے بی سی سی آئی کو ہدایت دی ہے کہ وہ جموں وکشمیر اور لداخ میں کسی بھی عمر کے کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کے لئے تمام تر سہولیات دستیاب رکھے تاکہ وہ نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اس کھیل میں اپنا نام روشن کرسکیں۔
عدالت نے بی سی سی آئی کو انتخابات ہونے تک جموں وکشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے امور کو چلانے کے لئے کمیٹی یا سب کمیٹی منتخب کرنے کا اختیار دیا ہے۔
عدالت نے جموں اور سری نگر کے ضلع مجسٹریٹوں کو بی سی سی آئی کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایات دی ہیں تاکہ عدالت کی طرف سے جاری ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
عدالت نے مذکورہ مجسٹریٹوں کو جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کی منقولہ و غیر مقولہ جائیداد اور دیگر واجبات کی فہرست بی سی سی آئی کو ایک ہفتے کے اندر پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔
یو این آئی- ایم افضل۔ ظ ح بٹ

Leave a Reply

Your email address will not be published.