اتوار, جولائی ۱۳, ۲۰۲۵
25.2 C
Srinagar

بغیر ماسک پہنے افراد کا موقع پر ہی کورونا ٹیسٹ ہوگا: ضلع مجسٹریٹ سری نگر

سری نگر، 20 مارچ :ضلع مجسٹریٹ سری نگر محمد اعجاز اسد نے کہا ہے کہ شہر میں بغیر ماسک پہنے افراد کو نہ صرف جرمانہ ادا کرنا ہوگا بلکہ ایسے افراد کا موقع پر ہی کورونا وائرس ٹیسٹ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ضلع انتظامیہ سری نگر نے ایک میٹنگ میں لیا ہے اور اس حوالے سے ایک باضابطہ حکم نامہ بہت جلد جاری کیا جائے گا۔
اعجاز اسد، جنہوں نے چند روز قبل ہی ضلع مجسٹریٹ سری نگر کا چارج سنبھالا ہے، نے یہ باتیں ہفتے کو یہاں یہاں شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے زونل سطح کے انڈر 19 ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔
انہوں نے کہا: ‘آج ضلع انتظامیہ نے فیصلہ لیا ہے کہ عوامی مقامات پر جو بھی شخص ماسک کے بغیر ملے گا اس پر جرمانہ عائد ہوگا اور اس کا موقع پر ہی کورونا وائرس ٹیسٹ ہوگا۔ لہٰذا میری تمام لوگوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنے لئے، اپنے خاندان اور اپنے سماج کے لئے خدارا ماسک پہنیں’۔
ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ یہ بات سچ ہے کہ سری نگر میں کورونا وائرس سے متعلق گائیڈلائنز پر عمل نہیں ہو رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘ضلع سری نگر میں فروری کے مہینے میں جہاں روزانہ تیس کیسز سامنے آتے تھے وہیں آج 70 کیسز روزانہ سامنے آتے ہیں۔ کیسز میں اضافے کا رجحان جاری ہے۔ ہمیں یہاں لاک ڈائون کی صورتحال سے بچنا چاہیے۔ ہمیں گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا’۔
اعجاز اسد نے کہا کہ سکولوں کو کافی سوچ سمجھ کر کھولا گیا ہے کیونکہ بچے زائد از ایک سال سے سکولوں سے دور تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘سکولوں کو سخت پروٹوکال کے سایے میں ہی کھولا گیا ہے۔ اگر کہیں پر ہمیں یہ نظر آئے گا کہ پروٹوکال پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے تو مزید کارروائی بھی کی جائے گی’۔

Popular Categories

spot_imgspot_img