سری نگر،20 مارچ: وادی کشمیر میں خشک و خوشگوار موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے برف و باراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں 21 سے 25 مارچ تک موسم خراب رہنے کا امکان ہے اور اس دوران بالائی علاقوں میں ہلکے درجے کی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوسکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مغربی ہوائیں وادی کشمیر کی طرف آرہی ہیں جن سے موسم متاثر ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے اثر سے 21 سے 23 مارچ تک موسم زیادہ خراب رہے گا۔
خراب موسمی حالات کے پیش نظر باغ مالکان سے کہا گیا ہے کہ وہ 26 مارچ تک اپنے باغوں کی دوا پاشی کرنے سے احتراز کریں۔
دریں اثنا وادی میں ہفتے کے روز موسم خشک و خوشگوار مگر قدرے ابر آلود رہا۔
خوشگوار موسم کے ساتھ ہی وادی کے مغل باغوں میں لوگوں کا رش بڑھنے لگا ہے اور شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع ایشیا کا سب سے بڑا باغ گل لالہ بھی عنقریب کھلنے والا ہے اور سری نگر کے رعناوای علاقے میں واقع مقامی سطح پر کافی مشہور تفریح گاہ بادام واری بھی اتوار سے لوگوں کے لئے کھل رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
جاری۔ یو این آئی۔





