سری نگر، 18 مارچ :وزیر اعظم نرنیدر مودی کے ‘من کی بات’ ریڈیو پروگرام کے طرز پر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا بھی یونین ٹریٹری میں ماہ اپریل سے ‘عوام کی بات’ ریڈیو پروگرام کا آغاز کریں گے۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے اس ریڈیو پروگرام کی ویب سائٹ کا بدھ کے روز افتتاح کیا ہے اور آدھے گھنٹے پر محیط اس پروگرام میں عوام سے ان کو درپیش مسائل کو سنا جائے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ‘عوام کی بات’ کا یہ ریڈیو پروگرام ماہ اپریل سے شروع ہوگا اور ہر مہینے کی تیسرے اتوار کو آدھے گھنٹے پر محیط پروگرام نشر کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کا مقصد عوام کو سرکار کی طرف سے اٹھائے جا ر ہے ترقیاتی پروگراموں سے آگاہ کرنا ہے اور عوام کے لئے ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جس کو استعمال کر کے وہ انتظامیہ کے ساتھ اپنے مسائل تحریری یا زبانی طور اٹھا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کی وساطت سے لوگ افسروں کو اپنی آرا اور تجاویز سے بھی روشناس کر سکتے ہیں۔
‘عوام کی بات’ ویب سائٹ کا افتتاح کرنے کے بعد موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘آنے والا "عوام کی بات” ریڈیو پروگرام کا مقصد لوگوں کو اپنی آواز اور اپنی تجاویز کو ظاہر کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ لوگوں کی خواہشات و خیالات کے مطابق پالسیاں مرتب کی جا سکیں’۔
انہوں نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا: ‘ریڈیو پروگرام "عوام کی بات” حکومتی عمل میں لوگوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے اور عوامی شراکت داری کے تصور کو مستحکم بنانے کا ایک قدم ہے’۔
دریں اثنا عوامی سطح پر سوشل میڈیا کی وساطت سے اس اقدام کی کافی سراہنا کی جا رہی ہے۔
