محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں 20 مارچ تک موسم خشک و خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں 21 اور 22 مارچ کو بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔
دریں اثنا وادی میں منگل کے روز بھی موسم قدرے ابر آلود مگر خشک و خوشگوار رہا۔
خوشگوار موسم کے چلتے وادی کے باغوں، پارکوں، میدانوں، چراگاہوں اور مرغزاروں میں نوع بہ نوع پھولوں کی کلیاں کھل گئی ہیں جن سے وادی کی رونق دو بالا ہوئی ہے۔
بہار نو سے لطف اندوز ہونے کے لئے مغل باغوں بشمول شالیمار، نشاط، چشمہ شاہی میں سیاحوں کے رش میں روز افزوں اضافہ درج ہو رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ سری نگر میں جہاں ماہ جنوری میں سردیوں کا پچیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جب 31 جنوری کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا وہیں ماہ فروری میں گرمیوں کا 57 سالہ ریکارڈ پاش پاش ہوگیا جب فروری کی ایک شب کم سے کم درجہ حرارت 8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ جہاں قریب تین فٹ تازہ برف جمع ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی کے سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
یو این آئی۔
