سری نگر،5 مارچ : نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمان محمد اکبر لون کے فرزند ہلال لون کو جمعرات کی شام ضمانت پر رہا کیا گیا۔
ہلال لون کو سال گذشتہ حاجن علاقے میں ایک عوامی جلسے کے دوران مبینہ طور نفرت آمیز تقریر کرنے کے پاداش میں گرفتار کیا گیا تھا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ہلال لون کوجمعرات کی شام ایڈیشنل سیشن جج بارہمولہ کی طرف سے ضمانت کی منظوری کے بعد رہا کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ حاجن پولیس نے بارہمولہ عدالت میں ایک ماہ قبل ہلال لون کے خلاف نفرت آمیز تقریر کرنے پر ایک کیس درج کیا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالت نے ہلال لون کی ضمانت دو لاکھ روپیے کے عوض منظور کی ہے اور انہیں کیس کی شنوائی کے دوران عدالت میں حاضر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
یو این آئی۔
