کشمیر: خوشگوار موسم سے لوگ لطف اندوز ہو رہے ہیں

کشمیر: خوشگوار موسم سے لوگ لطف اندوز ہو رہے ہیں

سری نگر،2 مارچ : وادی کشمیر میں موسم خوشگوار ہے اور لوگ خوش کن دھوپ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں 6 مارچ تک موسم خشک و خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وادی کشمیر میں 6 مارچ تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے اور اس دوران دن اور رات کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ درج ہوگا۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ سری نگر میں جہاں ماہ جنوری میں سردیوں کا پچیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جب 31 جنوری کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا وہیں ماہ فروری میں گرمیوں کا 57 سالہ ریکارڈ پاش پاش ہوگیا جب فروری کی ایک شب کم سے کم درجہ حرارت 8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ جہاں ’کھیلو انڈیا‘ کھیلوں کا دوسرا ایڈیشن جاری و ساری ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.5 ڈگری سیٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
وادی کے دوسرے سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دریں اثنا وادی کشمیر میں منگل کے روز موسم خوشگوار رہا اور دن بھر خوش کن دھوپ کھلی رہے جس سے لوگوں کو پارکوں، دکان کے تھڑوں اور دوسری جگہوں پر بیٹھے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
وادی میں موسم میں بہتری واقع ہوتے ہی کھیتوں اور باغوں میں بھی کسانوں کو مختلف کاموں میں مصروف دیکھا جا رہا ہے۔
یو این آئی ای

Leave a Reply

Your email address will not be published.