سری نگر، 23 فروری :وادی کشمیر میں دوران شب بارشوں کے باوجود شبانہ درجہ حرارت میں مزید اضافہ درج ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں اگلے ایک ہفتے دوران موسم خراب رہنے کا امکان ہے اور اس دوران 25 اور 26 فروری کو برف باری یا بھاری بارشیں ہوسکتی ہیں۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ خراب موسم کی وجہ سے فضائی ٹریفک بھی متاثر ہوسکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرمائی دارلحکومت میں شبانہ بارشوں کے باوجود کم سے کم درجہ حرارت میں اضافہ درج ہوا ہے۔
سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی تھی۔
بتادیں کہ سری نگر میں 31 جنوری کی شب رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جس سے سردیوں کو تیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔ قبل ازیں سری نگر میں رواں سیزن کے دوران 14 جنوری کو سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا اور سردیوں کا پچیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔
وادی کے مشہور دہر سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرات3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دریں اثنا وادی میں شبانہ بارشوں کے بعد منگل کی صبح سے ہی موسم خشک بھی رہا اور آفتاب نے بھی بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے میں کئی کامیاب کوششیں کیں
