پی ڈی پی اب بھی زندہ، ہمارے ورکر ہمارے ساتھ: محبوبہ مفتی

پی ڈی پی اب بھی زندہ، ہمارے ورکر ہمارے ساتھ: محبوبہ مفتی

سری نگر، 22 فروری : پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ ان کی جماعت اب بھی زندہ ہے اور جو سینئر لیڈر پارٹی چھوڑ کر چلے گئے ہیں وہ کارکن اپنے ساتھ نہیں لے پائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے جموں و کشمیر کے حالات کو ٹھیک کرنے اور مسئلہ کشمیر کو حل کے لئے ہی جنم لیا ہے۔

محبوبہ مفتی نے پیر کو یہاں پارٹی کا صدر منتخب کئے جانے کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہا: ‘ہماری خوش قسمتی یہ ہے کہ ہمارے ورکر بھاگے نہیں ہیں۔ ہم نے ڈی ڈی سی انتخابات میں 61 حلقوں سے اپنے امیدوار کھڑا کئے اور تقریباً 30 حلقوں پر کامیابی حاصل کی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پی ڈی پی اب بھی زندہ ہے۔ جو سینئر لیڈر بھاگ گئے ہیں وہ ورکر اپنے ساتھ نہیں لے پائے ہیں’۔

ان کا مزید کہنا تھا: ‘پارٹی نے مجھے ایک بار پھر ایک بڑی ذمہ داری سونپی ہے۔ ہمارے یہاں حالات بہت مختلف اور مشکل ہیں۔ جموں و کشمیر کے حالات کو ٹھیک کرنے اور مسئلہ کشمیر کو حل کے لئے ہی پی ڈی پی نے جنم لیا ہے۔ ہمارا ایجنڈا وہی ہے جو مفتی صاحب کا ویژن تھا۔ مفتی صاحب کا ویژن تھا کہ جموں و کشمیر کو جنگ کا اکھاڑا نہیں بلکہ ہندوستان اور پاکستان کے بیچ امن کا ایک پل بنانا ہے’۔

محبوبہ مفتی نے کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کے سیاستدانوں سے متعلق بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ‘وہ اپنا کام کریں میں اپنا کام کروں گی’۔

انہوں نے کہا: ‘لوگوں پر جو مظالم ہو رہے ہیں، ایک باپ اپنے بچے کی لاش مانگتا ہے اس کو وہ لاش نہیں دی جا رہی ہے، ایک جگہ پر لوگوں نے ایک کمسن بچی کو اغوا کئے جانے سے بچایا، یہ وہ تمام مشکلات ہیں جو لوگوں کو اس وقت درپیش ہیں’۔

ان کا مزید کہنا تھا: ‘میں نے تو ان معاملات پر بات کرنی ہے۔ اگر آئی جی صاحب سمجھتے ہیں یہ بات قانون کے خلاف ہیں اور میں ان باتوں کے لئے گرفتاری کی مستحق ہوں تو وہ اپنی ڈیوٹی کریں’۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.