سری نگر،18 فروری ؛آنگن واڑی ورکرس ایسو سی ایشن کشمیر نے جمعرات کے روز یہاں پریس کالونی میں اپنے مطالبات خاص کر تنخواہوں کی واگذاری کے حق میں احتجاج درج کیا۔احتجاجی ورکرس جم کر نعرہ بازی کر رہی تھیں اور ان کا الزام تھا کہ انہیں الیکشن ڈیوٹی اور پلس پولیو ڈیوٹی کے دوران دئے جانے والے مراعات و معاوضےسے بھی محروم رکھا گیا ہے۔ایسو سی ایشن کی صوبہ کشمیر کی صدر تسلیمہ سبحان نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ ہم گذشتہ 16 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں اور اگر کسی ماہ کی تنخواہ دی بھی جاتی ہے تو اس میں مرکز کا ہی حصہ ہوتا ہے سٹیٹ کا حصہ نہیں ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آنگن واڑی ورکرس نے کورونا وبا کے دوران بھی جان پر کھیل کر کام کیا اور پلس پولیو ڈیوٹی بھی دی اور الیکشن ڈیوٹی بھی دی لیکن ہمیں اس دوران کام کرنے پر دی جانے والی مراعات و معاوضے سے بھی محروم رکھا گیا۔موصوفہ نے کہا کہ آنگن واڑی ورکرس ہر محاذ ہر جانفشانی سے کام کرتی ہیں لیکن جب ان کو مراعات و معاوضہ دینے کا وقت آتا ہے تو ان کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک روا رکھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے تمام مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو ہم بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ بذات خود مداخت کرکے ان کو در پیش مسائل کو حل کریں۔