بارہمولہ میں ایل او سی پر دراندازی کی کوشش کے دوران ایک جنگجو ہلاک: فوج

بارہمولہ میں ایل او سی پر دراندازی کی کوشش کے دوران ایک جنگجو ہلاک: فوج

سری نگر،/ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے اوڑی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر سیکورٹی فورسز نے جنگجوؤں کی طرف سے در اندازی کی کوشش کرنے کے دوران ایک جنگجو کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اوڑی سیکٹر کے کمل کوٹ علاقے میں منگل اور بدھ کی شب ایل او سی پر سیکورٹی فورسز نے جنگجوؤں کے ایک گروپ کی حرکات کو دیکھا جو پاکستانی فوج کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ کی آڑ میں دراندازی کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ وہاں تعینات سیکورٹی فورسز اہلکاروں نے جب دراندازی کرنے کی کوشش کرنے والے جنگجوؤں کو للکارا اور انہیں سرینڈر کرنے کو کہا تو انہوں نے اس کی بجائے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کی جس کا بھر پور جواب دیا گیا اور گولیوں کے تبادلے کے نتیجے میں ایک جنگجو ہلاک ہوا۔
مہلوک جنگجو کی شناخت سرفراز میر ساکن کمل کوٹ کے بطور ہوئی ہے۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ جائے واردات پر اضافی فوج کو طلب کیا گیا ہے اور اس پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جنگجوؤں کی دراندازی کی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لئے پاکستانی فوج جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر کے بھارتی ٹھکانوں پر گولہ باری یا فائرنگ کرتا ہے۔
دریں اثنا سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر کہا گیا: ‘9 فروری کو رات دیر گئے اوڑی کے دلجانہ علاقے میں دو دراندازوں کو سرحد کراس کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس کے فوراً بعد تلاشی آپریشن شروع کیا گیا۔ ایک درانداز کی دراندازی کو یقینی بنانے کے لئے پاکستانی چوکی سے فائرنگ کی گئی۔ آپریشن میں ایک درانداز مارا گیا ہے’۔
اس میں مزید کہا گیا: ‘تصادم کی جگہ سے ایک اے کے رائفل برآمد کی گئی ہے۔ تلاشی آپریشن جاری ہے۔ مہلوک درانداز کی شناخت کمل کوٹ اوڑی کے رہائشی کے طور پر کی گئی ہے’

Leave a Reply

Your email address will not be published.