اتوار, اگست ۳۱, ۲۰۲۵
19.7 C
Srinagar

کشمیر: اگلے دس دنوں کے دوران موسم خشک رہنے کی پیش گوئی

زمستانی ہواؤں کا زور تھمنے سے لوگوں کو راحت

 

سری نگر/ وادی کشمیر میں اگرچہ شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ہی درج ہوا لیکن زمستانی ہواؤں کا زور تھمنے سے لوگوں کو ہر گذرتے دن کے ساتھ راحت نصیب ہو رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے دس دنوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے دس دنوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے اور اس دوران سردی کی شدت میں بھی بتدریج کمی واقع ہوگی۔

دریں اثنا وادی کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر بدھ کی صبح سے تازہ ٹریفک کی نقل و حمل بحال ہوئی۔ بتادیں کہ شاہراہ پر رام بن کے نزدیک منگل کی دوپہر کو مٹی کے تودے گر آئے تھے جس سے ٹریفک کی نقل و حمل رات دیر گئے تک بند ہوئی تھی۔

متعلقہ حکام نے بتایا کہ بدھ کے روز ٹریفک کو جموں سے کشمیر روانہ ہونے کی اجازت ہے۔ ادھر وادی میں بدھ کے روز موسم نہ صرف خشک رہا بلکہ صبح سے ہی ہلکی دھوپ چھائی رہی جس سے لوگوں کو دکانوں کے تھڑوں اور دیگر جگہوں پر لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔

زمستانی ہواؤں کا زور تھمنے کے ساتھ ہی وادی میں جہاں لوگوں کو در پیش مختلف النوع مشکلات خاص کر پانی کی قلت سے نجات حاصل ہو رہی ہے وہیں دوسری طرف کاروباری سرگرمیاں بھی اپنی رفتار پکڑ رہی ہیں جنہیں ٹھٹھرتی سردیوں نے آبی ذخائر کی طرح منجمد کرکے رکھ دیا تھا۔


 یو این آئی 

Popular Categories

spot_imgspot_img