کپوارہ ضلع کے ڈی ڈی سی چیئر پرسن انتخاب میں پیپلز کانفرنس کی جیت

کپوارہ ضلع کے ڈی ڈی سی چیئر پرسن انتخاب میں پیپلز کانفرنس کی جیت

سرینگر//پیپلز کانفرنس نے شمالی ضلع کپوارہ کے ڈی ڈی سی چیئر پرسن انتخاب میں پیر کو جیت حاصل کرلی۔

نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق پارٹی کے اُمیدوار عرفان پنڈتپوری اس کونسل سے متفقہ طور پر چیئر پرسن کے عہدے کیلئے منتخب ہوئے جہاں آج منعقدہ ووٹنگ کے دوران نیشنل کانفرنس کے چار ممبران غیر حاضر رہے۔

کپوارہ ضلعی کونسل کے نائب چیئر مین کے عہدے کیلئے بھی پیپلز کانفرنس کے ہی حمایت یافتہ آزاد اُمیدوار حاجی فاروق کامیاب قرار پائے۔

بارہمولہ میں ڈی ڈی سی عہدیداروں کاانتخاب ممبران کی مطلوبہ تعداد کی عدم موجودگی کے باعث ملتوی

شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلعی کونسل کے عہدیداروں کا انتخاب پیر کو ممبران کی مطلوبہ تعداد کی عدم موجودگی کے باعث ملتوی کیا گیا۔نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق انتخاب کے وقت محض سات منتخب ڈی ڈی سی ممبران ہی موجود تھے جبکہ ضوابط کے مطابق حاضر ممبران کی تعداد کم سے کم دس ہونی چاہئے تھی۔
حاضر ممبران میں آزاد اُمیدوار صفینہ بیگ، محمد مظفر ، پیپلز کانفرنس کے تین اور اپنی پارٹی کے دو ممبران شامل تھے۔اطلاعات کے مطابق نیشنل کانفرنس کے دو، پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کے دو منتخب ممبران اور ایک آزاد ممبر عرفان حافظ لون انتخاب کے وقت غیر حاضر تھے جس کے بعد ضلع کمشنر نے مذکورہ انتخاب کو ملتوی کردیا۔
شمالی ضلع بارہمولہ میں ضلعی کونسل کے چیئر پرسن اور نائب چیئر پرسن کا انتخاب آج عمل میں لایا جانا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.