راولپنڈی ٹیسٹ سنسنی خیز مرحلے میں داخل

راولپنڈی ٹیسٹ سنسنی خیز مرحلے میں داخل

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جا رہا راولپنڈی ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ مہمان ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 200 سے بھی کم رنز درکار ہیں جب کہ پاکستان کامیابی سے سات وکٹوں کی دوری پر ہے۔

پیر کو راولپنڈی ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری دن جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 127 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو ایڈن مارکرم 59 اور روسی دوسین 48 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

میزبان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پچ پر موجود نمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فاسٹ بالرز کو آزمایا اور حسن علی نے کپتان کے انتخاب کو درست ثابت کیا۔

حسن علی نے اپنے پہلے ہی اسپیل میں دوسین کو کلین بولڈ کیا اور وہ اپنے انفرادی اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر پویلین لوٹ گئے۔جنوبی افریقہ کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باب فاف ڈیوپلیسی تھے جنہیں حسن علی نے ہی اپنا شکار بنایا۔

چوتھی وکٹ پر اوپننگ بلے باز ایڈن مارکرم پاکستانی بالروں کے سامنے مزاحمت کر رہے ہیں اور سینچری کے قریب ہیں جب کہ دوسرے اینڈ پر ٹیمبا باووما اسکور کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

سیریز میں کامیابی کے لیے پاکستان کو مزید سات وکٹیں درکار ہیں جب کہ جنوبی افریقہ کو میچ جیتنے اور سیریز برابر کرنے کے لیے 200 سے بھی کم رنز بنانا ہوں گے۔

پاکستان کی جانب سے اب تک حسن علی نے دو اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 272 اور دوسری میں 298 رنز بنائے تھے جب کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 201 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

پاکستان نے میچ جیتنے کے لیے جنوبی افریقہ کو 370 رنز کا ہدف دیا ہے۔ اگر میزبان ٹیم یہ میچ جیتنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو وہ 17 برس بعد جنوبی افریقہ کے خلاف کوئی ٹیسٹ سیریز اپنے نام کرے گی۔

پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف آخری مرتبہ 2003 میں اپنے ہوم گراؤنڈ میں ہی ٹیسٹ سیریز اپنے نام کی تھی۔

سیریز میں پاکستان کی کامیابی اُسے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فہرست میں ساتویں سے پانچویں پوزیشن پر پہنچا دے گی اور شکست کی صورت میں جنوبی افریقہ کی ٹیم پانچویں سے چھٹی پوزیشن پر چلی جائے گی۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ کے فروغ کے لیے 2019 میں ٹیسٹ چیمپئن شپ کا انعقاد کیا تھا۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان اگست 2019 میں کھیلی جانے والی ایشز سیریز کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا میچ قرار دیا گیا۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے آئی سی سی رینکنگ میں شامل ابتدائی نو ٹیمیں میدان میں ہیں اور ہر ٹیم کو پانچ پانچ سیریز کھیلنی تھیں۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل

بیشتر ٹیمیں اپنے میچز کھیل چکی ہیں اور ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل جولائی 2021 میں انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 430 پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہے جب کہ نیوزی لینڈ 420 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور آسٹریلیا 332 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

انگلینڈ کا نمبر چوتھا ہے جس کے پوائنٹس کی تعداد 412 ہے۔ آسٹریلیا کے مقابلے میں پوائنٹس ٹیبل پر انگلینڈ کے پوائنٹس زیادہ ہیں تاہم آسٹریلیا کو اب بھی جنوبی افریقہ کے خلاف ایک سیریز کھیلنا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.