ہفتہ, اگست ۳۰, ۲۰۲۵
27.1 C
Srinagar

کشمیر میں ایک بار پھر برف باری

 شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں بہتری واقع

سری نگر/ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کمشیر میں بدھ کی صبح ہلکی برف باری ہوئی جس سے شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں بہتری واقع ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔دریں اثنا وادی میں تازہ برف باری سے روشنی میں کمی واقع ہونے سے فضائی ٹریفک متاثر ہوگیا ہے۔

سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ تازہ برف باری کے باعث ہوائی اڈے پر بدھ کی صبح دہلی سے آنے والی دو پروازوں کو معطل کر دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ فضائی ٹریفک کی بحالی کا فیصلہ روشنی میں بہتری واقع ہونے کے بعد ہی لیا جائے گا۔فضائی ٹریفک متاثر ہونے سے درجنوں کی تعداد میں لوگ سری نگر ہوائی اڈے پردر ماندہ ہوگئے ہیں جو صبح سویرے ہی وہاں پہنچ گئے تھے۔

بتادیں کہ سری نگر میں 31 جنوری کی شب رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جس سے سردیوں کو تیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔

قبل ازیں سری نگر میں رواں سیزن کے دوران 14 جنوری کو سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا اور سردیوں کا پچیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔

وادی کشمیر کے مختلف علاقوں بشمول سری نگر میں جب بدھ کی صبح لوگ نیند سے اٹھے تو برف کی تازہ چادر بچھ گئی تھی اور ہلکی برف باری ہورہی تھی جس سے اگرچہ شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی تھی لیکن سڑکوں پر پھسلن پیدا ہونے سے صبح کے وقت ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل متاثر ہو کر رہ گئی۔


محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سری نگر میں صبح کے ساڑھے آٹھ بجے تک 0.8 سینٹی میٹر برف جمع ہوئی تھی اور برف باری سلسلہ رک رک کر جاری تھا۔

تازہ برف باری سے وادی بالخصوص دیہی علاقوں کی سڑکوں پر پھسلن پیدا ہوئی تھی جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل صبح کے وقت متاثر ہوئی لیکن ٹھٹھرتی سردیوں سے لوگوں کو قدرے راحت نصیب ہوئی۔

وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 9.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں 3 فروری کو ہلکے درجے کی برف باری ہونے کی پیش گوئی کی تھی۔قابل ذکر ہے کہ سردیوں کا بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان ہفتے کے روز اختتام پذیر ہوا اور اتوار سے بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوا اگرچہ اس چلہ کے دوران سردیوں کا زور بتدریج تھمنے لگتا ہے لیکن اس نے جس طرح اپنی آمد کا اعلان کیا ہے اس سے لگتا ہے کہ یہ بھی اپنا زور دکھانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گا۔


یو این آئی 

Popular Categories

spot_imgspot_img