سری نگر،/ پولیس نے پلوامہ تصادم کے دوران ایک خاتون کی حرکت قلب بند ہونے سے موت واقع ہونے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے بنیاد خبریں پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی انجام دی جائے گی۔
دریں اثنا حکام نے ضلع پلوامہ میں جمعے کی رات سے موبائل انٹر نیٹ خد مات کو احتیاطی طور پر معطل کر دیا ہے تاکہ غلط خبریں اور بے بنیاد افواہوں کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔
بتادیں کہ سوشل میڈیا پر یہ خبریں مشتہر ہو رہی تھیں کہ پلوامہ کے منڈورہ ترال علاقے میں جائے تصادم آرائی کے نزدیک ایک خاتون دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہوئی ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے ہفتے کے روز بتایا کہ بعض وٹس ایپ گروپیس نے منڈورہ میں جائے تصادم آرائی کے نزدیک ایک خاتون کی دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہونے کی خبریں پھیلائی ہیں جو بالکل بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی بھی واقعہ پیش نہیں آیا ہے اور جو افراد یہ بے بنیاد افواہیں پھیلا رہے ہیں ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی انجام دی جائے گی۔
پلوامہ کے منڈروہ ترال علاقے میں جمعے کو سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان ہونے والے اس تصادم میں حزب المجاہدین سے وابستہ تین جنگجو مارے گئے تھے۔
یو این آئی