پلوامہ میں تصادم کے دوران دو مقامی جنگجووں کی خود سپردگی

پلوامہ میں تصادم کے دوران دو مقامی جنگجووں کی خود سپردگی

سری نگر/ جنوبی ضلع پلوامہ کے للہار میں ایک مسلح تصادم کے دوران حزب المجاہدین کے دو مقامی جنگجووں نے سکیورٹی فورسز کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔

خود سپردگی اختیار کرنے والے جنگجووں میں سے ایک زخمی ہے جسے علاج و معالجہ کے لئے ہستال میں داخل کرایا گیا ہے۔کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ہفتے کی صبح ایک ٹوئٹ میں کہا گیا: ‘للہار انکوائنٹر اپڈیٹ: دونوں دہشت گردوں نے دو اے کے 47 رائفلز سمیت سینئر پولیس و سکیورٹی افسران کے سامنے خود سپردگی اختیار کی ہے۔ ایک دہشت گرد، جو زخمی ہوا تھا، کو علاج کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے’۔

قبل ازیں کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے جمعے کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ایک نیا طریقہ کار اختیار کیا ہے جس کے تحت مقامی جنگجوئوں کو خود سپردگی اختیار کرنے پر آمادہ کرنے کی زیادہ سے زیادہ کوششیں کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا: ‘ہم نے اس نئے سال میں ایک نیا طریقہ کار اختیار کیا ہے۔ وہ طریقہ کار یہ ہے کہ ہمارا پورا فوکس اور کوشش یہ ہوگی کہ جنگجو خود سپردگی اختیار کریں۔ ہم نے کل ہی بانڈی پورہ میں ایک مقامی جنگجو کو خود سپردگی اختیار کرنے کا پورا موقع دیا’۔

آئی جی پی نے کہا کہ جنگجوؤں کو زندہ پکڑنے یا خود سپردگی کرنے پر آمادہ کرنے سے کافی معلومات ملتی ہیں۔ اس کے بعد دوسرے جنگجو بھی خود سپردگی اختیار کرنے پر راضی ہو جاتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا: ‘وہ لڑکے جنہوں نے حال ہی میں جنگجوئوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی ہے ہم پوری کوشش کریں گے کہ وہ خود سپردگی اختیار کریں۔ ہم ان کے والدین سے بھی مدد لیں گے۔ جہاں بھی ہمیں معلوم ہوجاتا ہے کہ محاصرے میں پھنسنے والے جنگجو کون ہیں ہم فوراً ان کے والدین کو بلاتے ہیں’۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.