جموں،دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع جموں کے اکھنور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے فوج نے کم سے کم تین مسلح جنگجوؤں کو ہلاک کیا ہے جبکہ اس دوران چار فوجی جوان بھی زخمی ہوگئے ہیں۔
مذکورہ ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اکھنور سیکٹر کے کیری باتل علاقے میں ایل او سی پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب پانچ مسلح جنگجوؤں کے ایک گروپ نے در اندازی کرنے کی کوشش کی لیکن وہاں تعینات فوجی جوانوں نے انہیں روکا اور للکارا۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران فوجی جوانوں اور در اندازی کرنے والے جنگجوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں تین جنگجو مارے گئے جبکہ دیگر دو جنگجو یا تو واپس بھاگ گئے یا وہیں کہیں چھپے ہوئے ہیں