مختلف پبلک سیکٹر محکموں کے ملازمین کا سری نگر میں احتجاج

مختلف پبلک سیکٹر محکموں کے ملازمین کا سری نگر میں احتجاج

سری نگر/مختلف پبلک سیکٹر محکموں میں کام کرنے والے درجنوں ملازموں نے منگل کے روز یہاں پریس کالونی میں تنخواہوں کی واگذاری کے حق میں احتجاج درج کیا۔ احتجاجی ملازموں جو جموں وکشمیر پبلک ایمپلائز اینڈ ورکرس فیڈریشن کے بینر تلے جمع ہوئے تھے، نے الزام لگایا کہ وہ گذشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے ان کا عیال فاقہ کشی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔
اس موقع پر فیڈریشن کے صدر وجاہت حسین نے میڈیا کو بتایا کہ ہم گذشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے ہمارا عیال فاقہ کشی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر سٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین گذشتہ چار ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جبکہ محکمہ جے کے سیمنٹس کے ملازمین 22 ماہ، ہینڈ لوم ڈیولوپمنٹ کارپویشن کے ملازمین پانچ ماہ، آرٹس ایمپوریم کے ملازمین آٹھ ماہ اور جے کے ٹی ڈی سی کے ملازمین گذشتہ دو ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔
موصوف صدر نے کہا کہ حکومت نے بڑے وعدے کئے تھے لیکن ان کے باوجود ہماری تنخواہیں واگذار نہیں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پبلک سیکٹر کے ملازمین کورونا کے دوران صف اول کے لڑنے والوں کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں لیکن یہ لوگ تنخواہوں سے محرومی کے باعث مشکلات سے دوچار ہیں۔
مسٹر حسین نے کہا کہ ان ملازموں کے اہلخانہ کو سخت مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ ان کے پاس آمدنی کا کوئی دوسرا ذریعہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبوں خاص کر تنخواہوں کو واگذار نہیں کیا گیا تو سڑکوں پر آنے کے سوا ہمارے پاس کو ئی دوسرا چارہ ہی نہیں ہے۔
موصوف صدر نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ ان ملازموں کے لئے ایک پالسی ترتیب دے کر ان کو در پیش مسائل کا حل تلاش کرے۔
یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.