جموں وکشمیر میں لوگ تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہوئے ہیں: ترون چگھ

جموں وکشمیر میں لوگ تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہوئے ہیں: ترون چگھ

سری نگر/بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی جنرل سکریٹری ترون چگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ جموں وکشمیر میں لوگ تشدد اور بندوق کے راستے سے کنارہ کشی اختیار کرکے تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں سنگ باری کے واقعات میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔موصوف نے منگل کے روز اپنے ایک بیان میں کہا: ’جموں وکشمیر ایک نئے دور میں داخل ہوا ہے جہاں لوگوں نے بندوق اور جنگجویت سے کناہ کشی اختیار کی ہے اور انہوں نے تعمیر و ترقی کی راہ پر چلنا شروع کیا ہے‘۔

مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کی جانے والی ایک رپورٹ جس میں بتایا گیا کہ وادی کی صورتحال میں بہتری واقع ہوئی ہے، کی سراہنا کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’جموں وکشمیر میں سال 2019 کے نسبت سال 2020 کے دوران ملی ٹنسی کے واقعات میں 63.93 فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور یونین ٹریٹری کی موجودہ امن و قانون کی صورتحال سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ سیکورٹی فورسز کے جوانوں اور عام شہریوں کی ہلاکتوں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے‘۔

مسٹر چگھ نے کہا کہ وادی کشمیر میں سنگ باری کے واقعات میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ نوجوانوں کی ذہنیت میں تبدیلی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے نوجوان اب مزید گمراہ نہیں ہونا چاہتے ہیں بلکہ اب وہ تعلیم اور روزگار پر توجہ دے رہے ہیں۔
عبداللہ اور مفتی خاندانوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے موصوف جنرل سکریٹری نے کہا: ’عبداللہ اور مفتی خاندانوں نے دہائیوں تک سستی سیاست کرکے جموں و کشمیر کے لوگوں کو تعمیر و ترقی سے محروم رکھا‘۔


انہوں نے الزام لگایا کہ ان دونوں خاندانوں نے لوگوں کو گمراہ کیا اور نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل ہونے سے باز رکھا۔ان کا بیان میں مزید کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں اب ایک نئی صبح طلوع ہوئی ہے جس سے لوگوں کے چہرے کھل اٹھے ہیں۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.