سری نگر/ وادی کشمیر میں حالیہ بھاری برف باری کے بعد اگرچہ موسم خشک ہے لیکن سردی کی شدت بدستور جاری ہے اور بیشتر پہاڑی علاقوں میں معمولات زندگی ہنوز درہم و بر ہم ہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں ماہ رواں کی 14 تاریخ تک موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے۔
ادھر وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ کو پانچ روز بعد ٹریفک کی آمد رفت کے لئے کھول دیا گیا ہے تاہم فی الوقت شاہراہ پر درماندہ گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت ہے۔
بتادیں کہ قومی شاہراہ کو اتوار کے روز جواہر ٹنل کے آر پار، شیطانی نالہ اور بانہال پر بھاری برف باری ہونے کے پیش نظر بند کر دیا گیا تھا۔ٹریفک پولیس ذرائع نے بتایا کہ متعلقہ ایجنسیوں نے مشینری اور نفری کو کام پر لگا کر شاہراہ کو قابل آمد ورفت بنایا اور جمعہ کے روز شاہراہ پر صرف درماندہ گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متعلقہ ایجنسیوں کی مشینری اور نفری شاہراہ پر تعینات ہیں تاکہ اچانک پیدا ہونے والی کسی بھی صورتحال سے بر وقت نمٹا جا سکے۔
وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- لیہہ شاہراہ کو سال رواں کے یکم جنوری سے ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے جبکہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر قریب ایک ماہ سے ٹریفک بند ہے۔
یو این آئی