جموں و کشمیر انتظامیہ ڈی ڈی سی انتخابات میں بی جے پی کی مدد کر رہی ہے: عمر عبداللہ

جموں و کشمیر انتظامیہ ڈی ڈی سی انتخابات میں بی جے پی کی مدد کر رہی ہے: عمر عبداللہ

سری نگر/سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے الزام عائد کیا ہے کہ جموں و کشمیر انتظامیہ ڈی ڈی سی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو مدد کرنے میں مصروف عمل ہے اور جنوبی کشمیر میں تین صحافیوں کو سچ کہنے کے پاداش میں زد کوب کیا گیا۔
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’قانون کے محافظ کشمیر میں بی جے پی اور اس کے حواریوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے قانون توڑنے میں مسرت محسوس کر رہے ہیں۔ انتظامیہ کی پورہی مشینری نے ڈی ڈی سی انتخابات میں بی جے پی کی مدد کرنے کو اپنا اولین فرض متصور کر رکھا ہے‘۔
پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’جنوبی کشمیر میں تین صحافیوں کو پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ کے ایک امیدوار، جس کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی، کو انٹرویو کرنے کے پاداش میں سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں مار پڑی۔ جموں و کشمیر میں ہر اس چیز کو جرم گردانا جاتا ہے جس سے سچائی ظاہر کی جاتی ہے‘۔
بتادیں جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے سری گفوارہ علاقے میں جمعرات کے روز تین صحافیوں کو مبینہ طور پولیس کے ہاتھوں پٹائی کے بعد قریب ڈیڑھ گھنٹے تک حراست میں رکھا گیا۔ یہ صحافی وہاں ڈی ڈی سی انتخابات کے پانچویں مرحلے کی پولنگ کی عکس بندی کے لئے گئے تھے۔
یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.