سوپور کے فیروز احمد ڈار نے جیل میں رہ کر بھی ‘ایل ایل بی’ کی ڈگری حاصل کی

سوپور کے فیروز احمد ڈار نے جیل میں رہ کر بھی ‘ایل ایل بی’ کی ڈگری حاصل کی

(یو این آئی)

سری نگر/ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے قصبہ سوپور سے تعلق رکھنے والے فیروز احمد ڈار نے اپنے حصول تعلیم کے شوق کو پورا کرنے کے لئے جیل کی دیواروں کو آڑے آنے نہیں دیا۔
انہوں نے نہ صرف بارہمولہ سینٹرل جیل میں رہ کر بی ایس سی کی ڈگری حاصل کی بلکہ مختلف النوع اڑچنوں کے باوجود بھی اپنے تعلیمی سفر کو جاری رکھتے ہوئے سینٹرل جیل میں ایام اسیری کاٹنے کے دوران کشمیر یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری بھی حاصل کی۔
سوپور کی الصفا کالونی سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ فیروز احمد نے کشمیر یونیورسٹی سے سال 2019 سیشن مارچ – اپریل میں رول نمبر 16043122022 کے تحت سیکنڈ ڈویژن میں ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔
فیروز احمد نے اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی سے ہیومن رائٹس میں ڈپلوما بھی کیا ہے۔
موصوف سال 2013 سے وادی کشمیر کے مختلف جیلوں میں بند ہیں انہیں پہلےسینٹرل جیل بارہمولہ میں بند رکھا گیا تھا اور پھر سینٹرل جیل سری نگر منتقل کیا گیا جہاں وہ ہنوز ایام اسیری کاٹ رہے ہیں۔
فیروز احمد کے والد بشیر احمد، جو ایک سبکدوش سرکاری ملازم ہیں ، نے یو این آئی اردو کو بتایا: ’میرے بیٹے کو پڑھنے کا بہت شوق تھا اور انہوں نے ایم بی بی ایس میں داخلہ کے لئے انٹرنس مقابلے میں بھی حصہ لیا جہاں صرف ایک پوائنٹ سے پیچھے رہ گئے‘۔
انہوں نے اپنے بیٹے کی گرفتاری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا: ’14 اپریل 2013 کی رات قریب گیارہ بجے سیکورٹی فورسز نے ہمارے گھر پر چھاپہ ڈالا اور فیروز احمد کی تلاش کی، وہ اس روز گھر پر نہیں تھا، ہم نے اگلے روز اس کو سیکورٹی فورسز کے سامنے خود ہی پیش کیا، ہمیں کہا گیا کہ اس کو جلد ہی چھوڑ دیں گے لیکن آج تک اس کو رہا نہیں کیا گیا‘۔
موصوف نے کہا: ’میں ایک سبکدوش چھوٹا ملازم ہوں، پچھلے آٹھ برسوں سے فیروز کی رہائی کے لئے در در کی ٹھوکریں کھا رہا ہوں جو کچھ پنشن ملتی ہے وہ اسی پر خرچ ہو رہی ہے گھر میں چار بیٹیاں ہیں اب ان کی کفالت ہر گذرتے دن کے ساتھ مشکل ہو رہی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ میرا بیٹا نہ صرف خود پڑھتا تھا بلکہ دوسرے لڑکوں کو بھی پڑھاتا تھا اور ان کی اخلاقی تربیت بھی کرتا تھا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published.