کشمیر: برفباری کی پیش گوئی کے بیچ برفانی تودے گر آنے کی وارننگ جاری

کشمیر: برفباری کی پیش گوئی کے بیچ برفانی تودے گر آنے کی وارننگ جاری

سری نگر/ محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں پیر کی دو پہر سے برف باری ہونے کی پیش گوئی کرتے ہوئے برفانی تودے گر آنے کی بھی وارننگ جاری کردی ہے۔
وادی کشمیر کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر چلنے والی گاڑیوں کو کشمیر کے کھنہ بل علاقے اور جموں کے نگروٹہ علاقے کو پیر کے دو بجے سے قبل ہی پار کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں تاکہ موسم خراب ہونے کی صورت میں وہ راستے میں ہی پھنس نہ جائیں۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پیر کی دو پہر کو شمال مغربی کشمیر، خطہ پیر پنچال،گلمرگ، سونہ مرگ اور زوجیلا دراس علاقوں میں برف باری شروع ہوگی جو آہستہ آہستہ پوری وادی اور جموں کے پہاڑی علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے گی۔
محکمے نے برف باری کے پیش نظر برفانی تودے گر آنے کی بھی وارننگ جاری کی ہے اور ان علاقے کے لوگوں، جہاں برفانی تودے گر آتے ہیں ، سے احتیاط کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
کشمیر میں تمام ضلع ہیڈ کوارٹروں پر سڑکوں سے برف ہٹانے کی مشینوں اور عملے کو تیار رکھا گیا ہے۔
ادھر وادی کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کی وجہ سے درجہ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہوئی ہے۔
گرمائی دارالحکومت سری نگر میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ پہلگام میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 2.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بتادیں کہ وادی کشمیر میں سال گذشتہ کے ماہ نومبر کے اوائل میں ہی بھاری برف باری ہوئی تھی جس سے جہاں عام لوگوں کو گوناگوں مشکلات سے دوچار ہونا پرا تھا وہیں کسان طبقے کے لوگوں کو بے تحاشا نقصان ہوا تھا۔

(یو این آئی)

Leave a Reply

Your email address will not be published.