دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے پر اب کوئی چرچا نہیں ہوگی: ترون چگھ

دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے پر اب کوئی چرچا نہیں ہوگی: ترون چگھ

جموں،/ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی جنرل سکریٹری ترون چگھ نے کہا کہ دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے پر اب کوئی چرچا نہیں ہوگی بلکہ اس پر ہوگی کہ پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کے اندر ترنگا کیسے لہرانا ہے۔

انہوں نے جمعرات کو ضلع ڈوڈہ میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے انتخابات کے سلسلے میں منعقدہ بی جے پی کے ایک انتخابی پروگرام کے حاشیے پر نامہ نگاروں کو بتایا: ‘محبوبہ جی اب چرچا دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے پر نہیں ہوگی بلکہ اس پر ہوگی کہ پی او کے کے اندر ترنگا کیسے لہرانا ہے۔ وہاں بھارت کے بیٹے کیسے پہنچیں گے۔ وہاں پاکستان کے ناپاک قدم کیسے پیچھے کئے جائیں’۔

ترون چگھ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اب کوئی بات چیت نہیں ہوگی، پاکستان کو صرف جواب دیا جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘بھارت میں اس وقت وہ حکومت ہے جو پاکستان کو جواب دینے کی طاقت رکھتی ہے۔ ہم نے پچھلے چھ برسوں کے دوران کر کے دکھایا ہے’۔

دریں اثنا بی جے پی لیڈر و رکن پارلیمان ہنس راج ہنس نے کٹھوعہ میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی طرف انگلی اٹھانے کا وقت ختم ہو چکا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘اب بھارت کی حفاظت اس شخص کے ہاتھوں میں ہے جس کی ماں نے اس کا نام نریندر مودی رکھا ہے’۔
یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.