سرینگر//صدرِ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے رمضان المبارک کے مقدس اور بابرکت فضیلت والے مہینے کے آغاز پر عالم اسلام خصوصاً جموں و کشمیر کے فرزندانِ توحید کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا رمضان المبارک شرف و عظمت کا وہ مہینہ ہے جس میں کشورِ انسانیت کی ازسرنو تعمیر ہوئی۔ یہ مہینہ سعادت، انسانیت اور عظم آدمیت کی وہ یادگار ہے جس کا دروازہ قرآن حکیم کے نزول سے دنیا پر کُھلا اور عبد و مابود میں ہجر و حرماں کی جگہ وصل و محبت کے دروازے شروع ہوئے۔یہ مہینہ رحمتوں کی فصل بہار اور اللہ تعالیٰ اس مہینے میں اپنے نیک بندوں پر رحمتوں کی بارش برساتا ہے۔ انہوں نے کہا یہ مقدس مہینہ ماہِ صبر،ماہِ مواساةاور ماہ وصعت زرق سے بھی مالا مال ہے۔ دونوں رہنماﺅں نے عالم اسلام کی سربلندی، فتح ونصرت، عالم انسانیت کی بقائ، ریاست کے لوگوں کی خوشحالی اور امن و امان کیلئے دعا کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ موجودہ پریشانِ کن حالات خصوصاً Covid-19کے مدنظر اللہ کے دربار میں سربسجود ہوکر اس بیماری نجات طلب کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ عرب و اجم کے اُن رہنمائی خطوط پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی ہے، جو انہوں نے قرآن اور حدیث کی روشنی میں بیان کئے ہیں۔ اس کے علاوہ انتظامیہ اور ہیلتھ ایڈوازئری پر بھی سختی سے عمل کرنا ہے تاکہ ہم سب مل کر اس وبائی بیماری کو شکست دے سکیں۔ دونوں لیڈران نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے آس پڑوس اور اپنے اپنے علاقوں میں غریب و غرباءکا خاص خیال رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائے کہ کسی بھی گھر کا چولہا ٹھنڈا نہ پڑ جائے۔





