سری نگر، 12 اپریل :جموں وکشمیر میں اتوار کو کورونا وائرس کے 21 نئے مثبت کیسز سامنے آئے جس کے ساتھ اس یونین ٹریٹری میں اب تک سامنے آنے والے مصدقہ کیسز کی تعداد بڑھ کر 245 ہوگئی ہے۔ 21 نئے کیسز میں سے وادی کشمیر کے 17 اور جموں کے 4 کیسز شامل ہیں۔
حکومت کے ترجمان روہت کنسل نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا: ‘جموں وکشمیر میں آج کووڈ 19 کے 21 نئے کیسز سامنے آئے۔ 17 صوبہ کشمیر اور 4 صوبہ جموں کے ہیں۔ مصدقہ کیسز کی تعداد 245 ہوگئی ہے’۔
دریں اثنا کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں تیزی سے ہورہے اضافے کے پیش نظر جہاں وادی کشمیر میں جاری لاک ڈاؤن ہر گذرتے دن کے ساتھ سخت سے سخت تر ہورہا ہے وہیں لوگوں میں بھی تشویش و اضطرابی ماحول سنگین سے سنگین تر ہورہا ہے۔
وادی کشمیر میں اتوار کو مسلسل 25 ویں روز بھی مکمل لاک ڈاؤن جاری رہا جس کے باعث سری نگر سے لے کر دیگر ضلع وتحصیل صدر مقامات میں تمام تر معمولات زندگی ٹھپ رہے اور ہر طرف خوف وخاموشی کا ماحول طاری رہا۔
یو این آئی کے ایک نامہ نگار جس نے اتوار کو سری نگر کے بعض علاقوں کا دورہ کی، نے بتایا کہ شہر میں ہر سو سناٹا چھایا ہوا ہے اور ہر اتوار کو سنجنے والا سنڈے مارکیٹ بھی مسلسل چوتھی اتوار کو بھی بند رہا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں ہورہے اضافے کے پیش نظر جہاں انتظامیہ لاک ڈاؤن کو مزید سخت کررہی ہے وہیں لوگوں میں بھی فکر وتشویش کی لہر تیز ہورہی ہے۔
وادی کے دیگر جملہ ضلع وتحصیل صدر مقامات سے بھی اسی نوعیت کی اطلاعات ہیں لوگ گھروں میں ہی محصور ہیں اور انتظامیہ بھی سماجی دوری کو یقینی بنانے کے لئے لوگوں کو متواتر ہدایات بھی دے رہی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائیاں بھی کی جارہی ہیں۔ بعض علاقوں میں لوگوں نے کورونا وائرس سے بچنے کے لئے اپنے علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند کردی ہیں۔
صوبہ جموں اور لداخ یونین ٹریٹری میں بھی لاک ڈائون برابر جاری ہے۔ تاہم دونوں خطوں میں صورتحال قابو میں ہے اور کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد کشمیر کے مقابلے میں بہت کم ہے۔





