جموں، 10 اپریل :جموں و کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے نافذ لاک ڈاؤن لوگوں کو دبانے کے لئے نہیں بلکہ ان کے تحفظ کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام الدین مرکز کے اجتماع میں شرکت کرنے والے تبلیغی جماعت سے وابستہ لوگوں کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور ان کے رابطے میں آنے والوں کو ٹریس کیا جارہا ہے۔
موصوف نے جمعہ کے روز یہاں میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ‘لاک ڈاؤن کو لوگوں کو دبانے کے لئے نہیں بلکہ لوگوں کی صحت کے تحفظ کے لئے نافذ کیا گیا ہے لوگوں کو بھی عقل سے کام لینا چاہئے اور اپنا تعاون فراہم کرنا چاہئے’۔
دلباغ سنگھ نے تبلیغی جماعت سے وابستہ افراد میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز درج ہونے کے بارے میں کہا: ‘تبلیغی جماعت (جنہوں نے دہلی کے نظام الدین مرکز میں منعقدہ اجمتاع میں شرکت کی ہے) کے لوگوں میں مثبت کیسز کی تعداد ٹھیک ٹھاک ہے، ان کو لے کر تمام تر احتیاطی تدابیر کی جارہی ہیں اور اب تک تقریباً سب کو کورنٹائن کیا گیا ہے اور ان کے رابطے میں آںے والے لوگوں کو بھی ٹریس کیا گیا ہے اب اگر کوئی باقی ہے تو اس کی ٹریسنگ کی کارروائیاں جاری ہیں’۔




