منگل, دسمبر ۱۶, ۲۰۲۵
9.1 C
Srinagar

قاتل کورو نا کے وار، تیسرے مریض کی موت

سری نگر وادی کشمیر میں گذشتہ رات دیر گئے شمالی ضلع بانڈی پورہ کے حاجن علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک53 سالہ شخص کی کورونا وائرس کے باعث موت واقع ہوئی جس کے بعد وادی میں اس عالمی وبا کی وجہ سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 3 ہوگئی ہے۔جموں وکشمیر حکومت کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر جاری ہونے والے میڈیا بلیٹن میں وادی میں کورونا وائرس سے ہونے والی تیسری ہلاکت کی تصدیق کی گئی۔ بلیٹن میں کہا گیا کہ اب تک کورونا وائرس سے تین افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ چار دیگر مکمل طور پر صحتیاب ہوچکے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حاجن سے تعلق رکھنے والے شخص کی گذشتہ رات قریب دس بجے سری نگر کے شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال میں موت واقع ہوئی۔ متوفی کا کورونا وائرس ٹیسٹ منگل کو دوپہر کے وقت مثبت آیا۔ انہوں نے کہا کہ متوفی کو بخار اور سانس لینے میں دشواری کی شکایت کے بعد پیر کے روز ہسپتال ھٰذا میں داخل کرایا گیا تھا۔مقامی میڈیا کی ایک رپورٹ میں گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر سے منسلک ہسپتالوں کے ترجمان ڈاکٹر محمد سلیم خان کے حوالے سے کہا گیا ہے: ‘بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے اس مریض کو پیر کے روز بخار اور سانس لینے میں دشواری کی شکایت کے بعد ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ لیکن یہ مریض گذشتہ رات قریب دس بجے انتقال کرگیا’۔ انہوں نے کہا: ‘کورونا وائرس کے اس مشتبہ مریض کے نمونے کو جانچ کے لئے لیبارٹری بھیجا گیا جہاں سے اس کی رپورٹ مثبت آئی۔ ہم نے متوفی کی لاش کو ایک علاحدہ وارڈ میں رکھا تھا’۔قبل ازیں 26 اور 29 مارچ کو کورونا سے متاثر دو مریضوں کی سری نگر کے ڈل گیٹ علاقے میں واقع امراض سینہ کے ہسپتال میں موت واقع ہوئی۔ سری نگر کے مضافاتی علاقہ حیدر پورہ اور شمالی ضلع بارہمولہ کے ٹنگمرگ علاقے سے تعلق رکھنے والے ان دونوں مریضوں کی عمر 60 سال سے زیادہ تھی اور دونوں مختلف قسم کی دیگر بیماریوں جیسے ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، جگر و سینے کی بیماری میں مبتلا تھے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img