لاک ڈاﺅن کے دوران موسیقی سنیں اور یوگا کریں، خبریں کم ہی دیکھیں: جموں وکشمیر حکومت کا لوگوں کو مشورہ

لاک ڈاﺅن کے دوران موسیقی سنیں اور یوگا کریں، خبریں کم ہی دیکھیں: جموں وکشمیر حکومت کا لوگوں کو مشورہ

سری نگر، 6 اپریل :جموں وکشمیر حکومت نے لوگوں کو کورونا وائرس لاک ڈاﺅن کے دوران اپنے آپ کو تفریحی سرگرمیوں بشمول گیم کھیلنے، موسیفی سننے اور پڑھائی لکھائی میں مصروف رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ نیز ہلکی پھلکی ورزش کے ساتھ ساتھ یوگا کرنے کی بھی صلاح دی ہے۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ زیادہ خبریں سننے میں اپنا وقت صرف نہ کریں کیونکہ اس سے ذہنی کیفیت متاثر ہوتی ہے۔
حکومت کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر جاری ہونے والے کورونا وائرس بلیٹن میں پیر کے روز لوگوں سے کہا گیا کہ وہ گھروں میں ہی رہیں اور سماجی دوری کو برقرار رکھیں۔ اُن سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ سفری تفاصیل یا مثبت معاملے کے ساتھ رابطے کو رضاکارانہ طور پر رپورٹ کریں۔
بلیٹن میں لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کووڈ 19 کے پھیلاﺅ کے دوران اپنا خاص خیال رکھیں۔ اس دوران وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ معیاری وقت گزارے اور افراد خانہ کے ساتھ بات چیت کریں تاکہ تناﺅ میں کمی لائی جاسکے۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اُن سے دُور افراد خانہ کے ساتھ فون کال یا ویڈ یو کال سے ذریعے رابطے میں رہیں۔
بلیٹن میں لوگوں سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ اپنے آپ کو تفریحی سرگرمیوں میں مصروف رکھیں جن میں گیم کھیلنا، موسیقی سننا، پڑھائی لکھائی اور دیگر کام شامل ہیں تاکہ بوریت کو کم کیا جاسکے۔ بلیٹن میں مزید کہا گیا ہے کہ لوگ ہلکی پھلکی ورزش کرنے کے ساتھ ساتھ یوگا کریں یا گھروں میں ہی چہل قدمی کریں جسے جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت کو برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ لوگ بوریت کو کم کرنے کے لئے گارڈنگ، صفائی ستھرائی کرنے کے علاوہ پکوان بھی تیار کرسکتے ہیں۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ زیادہ خبریں سننے میں اپنا وقت صرف نہ کریں کیونکہ اس سے ذہنی کیفیت متاثر ہوتی ہے۔
عوام کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور ہسپتالوں کا دورہ نہ کریں اور بخار، کھانسی یا سانس لینے میں مشکل آنے کی صورت میں ہی طبی صلاح لیں۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے ہیلپ لائین نمبرات پر صلاح و مشورہ کے لئے رابطہ قائم کریں۔
لوگ کسی بھی ایمرجنسی کے دوران چوبیس گھنٹے کام کرنے والی مفت ایمبولنس خدمات سے اپنی دہلیز پر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس ایمبولنس خدمت کا ٹول فری نمبر ہے 108۔ حاملہ خواتین اور بیمار بچے ٹول فری نمبر 102 پر کال کر کے مفت ایمبونس خدمات سے فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔ لوگ عام قومی سطح کے ٹول فری ہیلپ لائن نمبر 1075 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
ذاتی صفائی ستھرائی کے حوالے سے ایڈوائزری میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بار بار صابن اور پانی سے ہاتھ دھوئیں اور کھانسی چھینکتے وقت اپنا منھ ڈھانپ لیں۔ لوگوں سے کہا کیا ہے کہ وہ حکومت کی طرف سے وقتاً فوقتاً جاری کی جانے والی ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں۔ لوگوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ سرکار کی جانب سے فراہم کی جانے والی جانکاری پر ہی بھروسہ کریں۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ نہ افواہیں پھیلائیں اور نہ اُن پر کان دھریں۔
دریں اثنا بلیٹن میں کہا گیا کہ جموں وکشمیر میں پیر کے روز نوول کورونا وائرس کے تین نئے مثبت معاملات سامنے آئے اور ان سبھی کا تعلق کشمیر صوبے سے ہیں۔ اس طرح جموں وکشمیر میں مثبت معاملات کی کل تعداد 109 تک پہنچ گئی ہے۔
روزانہ میڈیا بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ نوول کورونا وائرس کے 109 مثبت معاملات میں سے 103 سرگرم معاملات ہیں، 04 مریض صحتیاب ہوئے ہیں اور 02 کی موت واقع ہوئی ہے۔ ان معاملات میں سے 85 معاملات کشمیر صوبے سے جبکہ 18 معاملات جموں صوبے سے تعلق رکھتے ہیں۔
اب تک 35,243 ایسے افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن کا سفری پس منظر ہے یا جو مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں۔ ان میں سے 10,556 افراد کو ہوم کورنٹائن میں رکھا گیا ہے جس میں سرکار کی طرف سے چلائے جارہے کورنٹائن مراکز بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 615 افراد کو ہسپتال کورنٹائن میں رکھا گیا ہے۔ 103 کو ہسپتال آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ 17,506 افراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ اسی طرح بلیٹن کے مطابق6,463 افرادنے 28 روزہ نگرانی مدت پوری کی ہے۔
بلیٹن میں مزید بتایا گیا ہے کہ اب تک 1,708 نمونے جانچ کے لئے بھیجے گئے ہیں جن میں سے 1,583 نمونوں کی رپورٹ منفی پائی گئی ہے اور 16 کی روپورٹیں 06 اپریل 2020ء تک آنا باقی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.